• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

احساس پروگرام ایک انقلابی اقدام ہے، گورنر عمران اسماعیل

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ احساس پروگرام کے تحت مستحق افراد کو نقد رقم کی تقسیم کا فیصلہ ایک انقلابی اقدام ہے وزیراعظم احساس کیش کے ذریعہ غربت اور مستحق افراد کی مشکلات کم کرنا چاہتے ہیںیہ بات انھوں نے گورنر ہاوس میں وزیراعظم کے احساس پروگرام کے حوالہ سے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے ویڈیو لنک کے ذریعہ اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کے فردوس شمیم نقوی ، حلیم عادل شیخ ، خرم شیر زماں ، اشرف قریشی ، گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس کے حسنین مرزا،نند کمار ، سردار محمد رحیم اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے فیصل سبزواری ، کشور زہرہ اور محمد وسیم بھی شریک تھے ۔ اجلاس میں احساس پروگرام کے طریقہ کار کو مزید سہل اور شفاف بنانے کے اقدامات پر غورکیاگیا ۔ اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث صوبہ میں لاک ڈاؤن جاری ہے یومیہ اجرت پر کام کرنے والے سب سے زیادہ متاثر ہیں ایسے افراد تک راشن پہنچانا حکومت کی اولین ترجیح ہے اس ضمن میں وزیراعظم کے احساس پروگرام کے ذریعہ مستحق افراد کی مالی مددبھی کی جارہی ہے جس سے مستحق افراد کو ریلیف حاصل ہورہاہے ۔ انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت مستحق افراد کو نقد رقم کی تقسیم کا فیصلہ ایک انقلابی اقدام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس اور غربت کے خلاف مشترکہ حکمت عملی کے مثبت اثرات مرتب ہونگے عوام گھروں میں رہ کر کرونا وائرس کو شکست دینے میں حکومت کا ساتھ دیں۔
تازہ ترین