• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ثمینہ احمد اور منظر صہبائی رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے

ثمینہ احمد اور منظر صہبائی رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے 


کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ثمینہ احمد اور فلم ’’بول‘‘ میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے اداکار منظر صہبائی نے اچانک شادی کرکے مداحوں کو خوشگوار حیرت میں ڈال دیا۔ شادی کرنے کی کوئی عمر نہیں ہوتی آپ کو جس عمر میں اپنا پسندیدہ ہمسفر ملے فوراً شادی کرلینی چاہئے اور اس بات کو ثابت کیا پاکستان ڈراما انڈسٹری کی سینئر ترین اداکارہ ثمینہ احمد اور اداکار منظر صہبائی نے۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کے مطابق دونوں اداکار 70برس کی عمر میں 4 اپریل کو خاموشی سے شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔ تاہم دونوں کی جانب سے فی الحال اس خبر کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی ہے۔ثمینہ احمد کو پاکستان شوبز انڈسٹری سے جڑے تقریباً 50 برس ہوگئے ہیں وہ نہ صرف بہترین اداکارہ ہیں بلکہ ٹی وی پروڈیوسر اور ڈائریکٹر بھی ہیں۔ ثمینہ احمد کی شوبز کے لیے خدمات کے اعتراف میں انہیں حکومت پاکستان کی جانب سے پرائیڈ آف پرفارمنس کا اعزاز بھی مل چکا ہے۔اداکارہ ثمینہ جتنی خوبصورتی سے سنجیدہ کردار کرتی ہیں مزاحیہ کردار بھی اتنی ہی خوبی سے نبھاتی ہیں۔ اس سے قبل ثمینہ احمد کی فریدالدین احمد سے شادی ہوئی تھی تاہم 1993میں ان کا انتقال ہوگیا تھا۔دوسری جانب منظر صہبائی نے ہدایت کار شعیب منصور کی فلم ’’بول‘‘ سے فلموں میں قدم رکھا تھا جس میں ان کی اداکاری آج تک لوگ بھلا نہیں سکے ہیں۔ حال ہی میں منظر صہبائی حمزہ علی عباسی اور سجل علی کے ساتھ ڈراما سیریل ’’الف‘‘ میں نظر آئے تھے۔

تازہ ترین