• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ماہرہ خان کو غالب سے غلط شعر منسوب کرنا مہنگا پڑگیا

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کی صف اول کی اداکارہ ماہرہ خان لاک ڈاؤن کے دنوں میں وقت گزاری کے لیے سوشل میڈیا کا سہارا لے رہی ہیں۔گزشتہ روز ماہرہ نے غالب کے نام سے منسوب دلکش تصویر پر لکھا ایک شعر شیئر کیا لیکن اداکارہ اس بات سے بے خبر تھیں کہ ان کی جانب سے شیئر کردہ شعر کا غالب سے کوئی تعلق نہیں ۔سوشل میڈیا صارفین بے تکی اور بے وزن شاعری کو غالب سے منسوب کرنے پر برہم دکھائی دے رہے ہیں اور ان سے التجا کررہے ہیں کہ کم از کم غالب پر ہی رحم کھا لیں۔ادب کے دلدادہ سوشل میڈیا صارفین اپنی پسندیدہ اداکارہ کی تصحیح بھی بڑی دلچسپ انداز میں کرتے نظر آئے۔ایک صارف نے ماہرہ کی شیئر کردہ تصویر پر اپنا شاعرانہ تبصرہ پیش کرتے ہوئے ایک شعر کہہ ڈالاکس قدر بد ذوق ہے ماہرہ دیکھ غالبؔ،نہیں آئی اداکاری نہ ادب کی سمجھ کچھ۔ساتھ ہی صارف نے یہ بھی بتا دیا کہ انہیں غالب کی شان میں گستاخی برداشت نہ ہوئی۔ایک صارف نے لکھا کہ ماہرہ برائے مہربانی غالب پر رحم کھائیں، یہ شعر غالب کا نہیں ہوسکتا۔ایک صارف نے ماہرہ سے ہی تصحیح کرنے کا یہ لکھتے ہوئے کہہ دیا کہ انہوں نے دیوان غالب پوری پڑھ رکھی ہے، جس میں ایسا کوئی شعر نہیں ہے۔صارفین ماہرہ پر بدذوق آرٹسٹ کا لیبل بھی لگاتے دکھائی دے رہے ہیں۔ایک صارف نے کہا کہ غالبؔ کوشش بھی کرلیتے تو اس قدر بے وزن شعر نہیں کہہ سکتے تھے۔ایک صارف کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرنے والے فنکار کی جانب سے اس قدر غیر ذمہ دارانہ پوسٹ کی توقع وہ نہیں کررہے تھے۔انہوں نے ماہرہ کو مشورہ بھی دیا کہ برائے مہربانی غالب اور اقبال سے کچھ منسوب کرنے سے پہلے جانچ لیا کریں۔
تازہ ترین