• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیاری میں بچوں کی حفاظتی ویکسین کا فقدان، عملہ غائب

کراچی(جنگ نیوز)کراچی میں علاقے لیاری میں حفاظتی ٹیکہ جات کے مراکز میں ویکسین کا فقدان ‘عملہ غائب ‘ہزاروں بچوں کی صحت داؤپر لگ گئی ‘والدین شدیدپریشانی کا شکار ‘کہیں شنوائی نہیں ہورہی ۔تفصیلات کے مطابق لیاری میٹرنٹی ہوم میں واقع حفاظتی ٹیکہ جات کے مرکز (ای پی آئی سینٹر)میں سنگین بے ضابطگیوں اورمجرمانہ غٖفلت کا معاملہ سامنے آیاہے ۔ڈیوٹی پر مامورطبی عملہ اکثر وبیشتر غائب رہتاہے جبکہ بچوں کوپولیو‘ خسرہ ،خناق ‘ٹائیفائیڈ اوردیگر بیماریوں سے بچاؤکے ٹیکے لگانے کیلئے آنے والے والدین کو یہ کہہ کر لوٹادیاجاتاہے کہ ویکسین ختم ہوگئی ہے ،بعد میں آئیے گا جس کی وجہ سے علاقہ مکین شدیدپریشان ہے جبکہ ٹیکے نہ لگنے کی وجہ سے بچوں کے بھی مختلف بیماریوں میں مبتلا ہونے کا خطرہ ہے ۔جمعرات کو بھی درجنوں والدین بچوں کو ٹیکے لگوانے کیلئے لیاری میٹرنٹی ہوم کے باہر صبح سے خوارہوتے رہے جنہیں تقریبا 11بجے بتایاگیاکہ آج عملہ ڈیوٹی پر نہیں جائے گا ۔اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر احمدعلی شیخ نے بتایاکہ انہوں نے معاملے کا نوٹس لیاہے ‘ڈیوٹی نہ دینے اور ویکسی نیشن میں غفلت کا مظاہرہ کرنے والے عملے کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائے گی‘بچوں کی تعداد کے پیش نظر روزانہ کی بنیاد پر ویکسین فراہم کی جاتی ہے تاکہ ٹیکے ضائع نہ ہوں جبکہ ٹی ایچ او لیاری ڈاکٹر نثار کا مؤقف تھا کہ تمام حفاظتی ٹیکہ جات کے مراکز کو ویکسین فراہم کردی گئی ہے ‘غیر حاضر رہنے والے عملے کا ریکارڈ چیک کیاجارہاہے۔

تازہ ترین