• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یونین کونسلیں تیار کھانے معمولی قیمت پر فراہم کریں، وسیم اختر

کراچی (اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی وسیم اختر نے کہاہے کہ کچی آبادیوں کی یونین کونسلوں سے گزارش کروں گا کہ وہ تیار کھانے معمولی قیمت میں فراہم کریں شہریوں کے تعاون کے باعث کراچی کے حالات کافی حد تک کنٹرول میں ہیں،جو فلاحی و سماجی ادارے کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن میں شہریوں کی خدمت اور مدد میں پیش پیش ہیں اور اپنی ذمہ داریوں کو محسوس کررہے ہیں وہ قابل ستائش ہیںیہ بات انہوں نے یوسی34- کریم آباد کی جانب سے غریب اور مستحق افراد کو سستے کھانے کی فراہمی کا آغاز کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ضلع وسطی کے وائس چیئرمین سید شاکر علی، چیئرمین ورکس کمیٹی حسن نقوی، چیئرمین یوسی34- سہیل انور، وائس چیئرمین شہاب الدین اور منتخب بلدیاتی نمائندے اور افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی نے کہا کہ ضلعی اور یوسی چیئرمین منتخب بلدیاتی نمائندے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور شہریوں کو کسی صورت اکیلا نہیں چھوڑا ہے انہوں نے کہا کہ ہم اپنی ذمہ داریوں کو محسوس کرتے ہیں اور کوشش کر رہے ہیں کہ یوسی کی سطح پر راشن کی تقسیم کی جائے، انہوں نے کہا کہ شہریوں کی عزت نفس کو سامنے رکھتے ہوئے ان کے گھروں پر راشن پہنچانے کا سلسلہ اس طرح جاری ہے کہ راشن دیتے وقت کسی قسم کی کوئی تصویر یا سیلفی نہیں بنائی جاتی جبکہ سستا کھانا بھی فراہم کیا جا رہا ہے اس کھانے کے لئے شہریوں سے معمولی رقم وصول کی جاتی ہے تاکہ انہیں یہ احساس ہو کہ وہ کھانے خرید کر کھا رہے ہیں، میئر کراچی نے کہا کہ تیار کھانے کے اس سلسلے کو دوسری یونین کونسلوں تک بھی بڑھایا جائے گا اور خاص کر کچی آبادیوں کی یونین کونسلوں سے گزارش کروں گا کہ وہ تیار کھانے معمولی قیمت میں فراہم کریں، میئر کراچی نے کہا کہ خدمت خلق فاؤنڈیشن کے زیر انتظام بڑے پیمانے پر مختلف علاقوں میں راشن کی تقسیم جاری ہے اور ہم نے مخیر حضرات سے درخواست کی ہے کہ وہ اس سلسلے میں کے کے ایف سے تعاون کریں اور ضرورت کی اشیاء فراہم کریں۔

تازہ ترین