• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اگلے تین چار ہفتے خطرناک، کورونا سے برآمدات، ترسیلات زر اور اسٹاک مارکیٹ میں کمی آئی، روپے کی قدر گر رہی ہے، ترقی کی شرح کم رہے گی، پارلیمانی کمیٹی

اسلام آباد (ایجنسیاں)پارلیمانی کمیٹی برائے کورونا وائرس نے11نکاتی ٹرمز آف ریفرنس (ٹی اوآرز) کو حتمی شکل دیتے ہوئے کہاہے کہ حکومت اکیلے اس عالمی وباء سے نہیں لڑ سکتی‘ملکر مقابلہ کرنا ہوگا‘رمضان میں خوراک کی ضرورت بڑھ جائے گی۔

مخیر حضرات آگے آئیں ‘آنے والے تین چار ہفتے خطرناک ہوسکتے ہیں ‘ہمیں اس وقت کی تیاری کرنی ہے‘ ٹائیگر فورس پر وضاحت آنی چاہیے‘کورونا سے پاکستانی معیشت بھی متاثر ہوئی ہے۔

وسط فروری سے اب تک پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں 21فیصد کمی ہوچکی ہے‘ روپے کی قدر میں تین فیصد‘سرمایہ کاری پورٹ فولیومیں 1عشاریہ 4ارب ڈالرکمی ہوئی۔

2021میں جی ڈی پی کی شرح نمو کم رہے گی‘برآمدات اور ترسیلات زرمیں بھی کمی ہوئی ‘ گندم کی کٹائی کے لیے ہر طرح کی انڈسٹری کھول رہے ہیں‘اقتصادی بحران کورونا سے بڑاخطرہ ہے ‘ ضروری اشیاء کیلئے سپلائی لائن کھول دی جائے گی‘ بتدریج لاک ڈاؤن کی طرف جارہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار پیپلزپارٹی کے رہنماءراجہ پرویز اشرف ‘ن لیگ کے خواجہ آصف‘مشیرخزانہ حفیظ شیخ ‘ مشیرتجارت عبدالرزاق داؤد‘وفاقی وزیرحماد اظہر ‘ وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی ‘میرحاصل بزنجواور دیگر نے کیا۔ 

جمعرات کو پارلیمانی کمیٹی برائے کورونا وائرس کا اجلاس اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہواجس میں ارکان نے ویڈیولنک کے ذریعے شرکت کی ۔مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے پارلیمانی کمیٹی کو بتایاکہ کورونا کے بعد پاکستانی معیشت پر بھی اثرات پڑے۔ 

وسط فروری سے اب تک پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں 21فیصد کمی ہوچکی ‘روپے کی قدر میں 3فیصد کمی واقع ہوگئی ہے،2021میں جی ڈی پی کی شرح نمو کم رہے گی‘کورونا کی وجہ سے برآمدات اور ترسیلات زرمیں بھی کمی ہوئی ۔

تازہ ترین