• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چاہتے ہیں تمام صوبے لاک ڈاؤن بڑھائیں، سندھ کا فیصلہ کابینہ کرے گی، وزیر اعلیٰ

چاہتے ہیں تمام صوبے لاک ڈاؤن بڑھائیں، سندھ کا فیصلہ کابینہ کرے گی، وزیر اعلیٰ


کراچی (اسٹاف رپورٹر / جنگ نیوز) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ مجھے جس کا ڈر تھا افسوس وہی ہوگیا، ضلع وسطی کراچی کی کچی آبادی میں ایک ہی خاندان کے 7؍ افراد میں کورونا سے متاثر ہوگئے۔

تعمیراتی شعبے میں کام سے وباء بڑھ سکتی ہے ، چھوٹے دکاندار تعاون کررہے ہیں لیکن بڑی صنعتوں کا بہت دبائو ہے، ایس او پیز بنارہے ہیں، چاہتے ہیں تمام صوبے لاک ڈاؤن بڑھائیں ، سندھ کا فیصلہ کابینہ کرے گی ۔ علاوہ ازیں سندھ حکومت نے بجلی، گیس صارفین، کرایہ داروں کے ریلیف کیلئے مسودہ تیارکرلیا ہے ۔ 

تفصیلات کے مطابق سینئر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ صوبوں میں لاک ڈاؤن 21؍ اپریل تک بڑھا دیا جائے، کورونا کیسز پر قابو پانے کیلئے لاک ڈاؤن ناگزیر ہے، لاک ڈاؤن ختم کیا یا نرمی کی تو نتیجہ کورونا کیسز میں اضافے کی صورت میں نکلے گا۔ 

انہوں نے کہا کہ میں لاک ڈاؤن 21؍ اپریل تک بڑھانا چاہتا ہوں، لاک ڈاؤن مزید ایک ہفتہ یقینی بنالیا تو کیسز کے نمبرز میں واضح کمی آئے گی جبکہ کوشش ہے کہ وفاق کو لاک ڈاؤن پر راضی کریں۔ 

وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ صوبائی سطح پر اپنی کابینہ سے مشاورت کر رہا ہوں، 14 اپریل کے بعد لاک ڈاؤن میں مخصوص شرائط کے ساتھ اگر نرمی کرنی پڑی تو اس کے لیے کمشنرز اور متعلقہ افسران کو پلان بنانے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ 

علاوہ ازیں اپنے ویڈیو پیغا میں مراد علی شاہ نے کہا کہ مجھے جس کا ڈر تھا افسوس وہی ہوگیا۔ ضلع وسطی کراچی کی کچی آبادی میں ایک ہی خاندان کے سات افراد میں کورونا ظاہر ہوا ہے۔ خاندان کا سربراہ باہر سے یہ وائرس لیکر گھر گیا تھا۔ 

پورے خاندان بشمول ایک سال کا بیٹا اور 6 سال کی بیٹی میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ انہوں نے یہ بات کورونا وائرس کی صورتحال سے متعلق اپنے وڈیو پیغام میں کہی۔

تازہ ترین