• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فرنٹیئرفاؤنڈیشن کے زیراہتمام شاگئی میں بلڈ ڈونیشن کیمپ

پشاور(نیوزڈیسک)فرنٹیئرفاؤنڈیشن کی موثر اور کامیاب مہم کے نتیجے میں بلڈسٹاک میں بہتری آئی ہے ،فرنٹیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام ایم پی اے ارباب وسیم حیات کے تعاون سے شاگئی بالا میں بلڈ ڈونیشن کیمپ لگایا گیا جس میں عوام نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور تھیلی سیمیا اور ہمیوفیلیا سمیت دیگر خون کے امراض میں مبتلا مریضوں کیلئے خون کے عطیات دیئے، بلڈ ڈونیشن کیمپ کے دوران چیئرمین فرنٹیئرفاؤنڈیشن صاحبزادہ محمد حلیم، رکن صوبائی اسمبلی ارباب وسیم حیات اور ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر فخر زمان بھی موجود تھے اورایم پی اے ارباب وسیم حیات نے امراض خون میں مبتلا بچوں کیلئے خون کا عطیہ بھی دیا، اس موقع پر انہوں نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے لاک ڈاؤن کیا گیا جس کے باعث دیگر طبقات کے ساتھ ساتھ امراض خون میں مبتلا بچوںکو شدید مشکلات سے دوچار ہونا پڑا ، انہوں نے کہا کہ تھیلی سیمیا سمیت دیگر امراض خون میں مبتلا بچوں کو خون کی بروقت فراہمی کیلئے جس حد تک ممکن ہوا تعاون جاری رکھا جائے گا اور اگر ضرورت پڑی تو مزید بلڈڈونیشن کیمپوںکا اہتمام کیا جائے گا، اس موقع پرصاحبزادہ محمد حلیم نے کہا کہ کروناوائرس کی وباءپھیلنے ،لاک ڈاؤن اور محدود نقل و حمل کے باعث بلڈ ڈونیشن میں انتہائی حد تک کمی ہو گئی تھی تاہم مسلسل جدوجہد،موثر الیکٹرانک،پرنٹ اور سوشل میڈیا مہم کے بعد تھیلی سیمیا اور ہموفیلیا میں مبتلا مریض بچوں کو خون کی فراہمی ممکن بنا دی گئی ہے، انہوںنے بلڈ ڈونیشن کیمپ لگانے پر ایم پی اے ارباب وسیم حیات کا شکریہ اداکیا اور کہا کہ اس مشکل گھڑی میں بھی فرنٹیئرفاؤنڈیشن بلاتعطل و بلامعاوضہ انتقال خون کی فراہمی جاری رکھے ہوئے ہے، انہوںنے بلڈڈونرز کو سلام پیش کرتے ہوئے انہیں بھرپور خراج تحسین بھی پیش کیا۔
تازہ ترین