• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسپین: کٹھن وقت میں کمیونٹی کے ساتھ ہیں، سفیرِ پاکستان خیام اکبر

کورونا وائرس کی وجہ سے دُنیا کو  بدترین حالات کا سامنا ہے، اس کٹھن وقت میں ہم اسپین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ ہیں اور آزمائش کی ہر گھڑی میں کمیونٹی کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

 ان خیالات کا اظہار اسپین میں پاکستان کے سفیر خیام اکبر نے جنگ سے بات کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ”کورونا وائرس“ کی وباء سے اسپین میں ایک لاکھ 70 ہزار افراد متاثر ہوئے ہیں اور 17ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں لیکن اس کے باوجود اسپین دُنیا کا دوسرا بڑا ملک ہے جہاں متاثرین کی تعداد اور شرح اموات میں کمی کا تناسب 50 فیصد ہو گیا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ وہ یہاں طبعی موت اور کورونا وائرس سے وفات پانے والے پاکستانیوں کی میتوں کو پاکستان پہنچانے کے لئے ہسپانوی وزارت انصاف اور وزارت خارجہ سے مکمل رابطے میں ہیں اور اس حوالے سے اسلام آباد میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی بہت متحرک ہیں۔ 

خیام اکبر نے کہا کہ ہسپانوی اتھارٹیز یہاں کے حالات سے بہت پریشان ہیں یہاں اُن کے ہزاروں افراد ہلاک ہو چکے ہیں اس لئے وہ اپنی پریشانی کے ساتھ ساتھ ہمارا مسئلہ حل کرنے کے لئے بھی بھر پور کوشش کر رہے ہیں۔

سفیر پاکستان کا کہنا تھا کہ کمیونٹی میں اس وقت اتفاق و اتحاد اور بھائی چارے کی فضاء قائم ہونا اشد ضروری ہے کیوں کہ اس طرح ہم اس موذی وباء کو شکست دے سکتے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ اس مشکل وقت میں پاکستانی کاروباری سیکٹر جس طرح میدان میں اُترا ہے اور جس طرح انہوں نے اپنے ہم وطنوں کی کسی بھی مد میں مدد کی ہے وہ قابل ستائش ہے۔

سفیر پاکستان نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کا زیادہ حملہ چونکہ میڈرڈ میں ہوا ہے اس لئے ہم نے سفارت خانہ کھولنے میں مقامی انتظامیہ کے احکامات کی پاسداری کی ہے اور اسٹاف کم کرکے سفارت خانے کو کم وقت کے لئے کھول رہے ہیں لیکن ایمرجنسی کی صورت میں ہم 24 گھنٹے سروس کے لئے دستیاب ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہسپانوی حکومت دوسرے یورپی ممالک کے ساتھ مل کر انٹرنیشنل فلائٹس آپریشن کو کھولنے پر بھی غور کر رہی ہے، ساتھ ساتھ بڑی فیکٹریاں اور تعمیرات کا کام کرنے والوں کو چھوٹ دینے کی پالیسی پر بھی کام ہو رہا ہے۔

سفیر پاکستان نے کہا کہ ایسے سخت حالات میں ہمیں مل جل کر آگے بڑھنا ہے، اپنے اپنے گھروں میں رہ کر کورونا وائرس سے بچنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی حکومت جانتی ہے کہ پاکستانی کمیونٹی اپنی میتوں کی تدفین اسلامی اور معاشرتی شعار سے کرنا چاہتی ہے اس لئے وہ پاکستانیوں کی میتوں کو پاکستان بھجوانے کے لئے ہمارے ساتھ مکمل تعاون کرنے کے لئے تیار ہیں اور اس کے لئے پالیسیاں مرتب کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا پاکستانی کمیونٹی کی زیادہ تر تعداد چونکہ بارسلونا اور اُس کے گرد و نواح میں مقیم ہے اس لئے قونصل جنرل بارسلونا عمران علی چوہدری اپنی ٹیم کے ساتھ اور سفارت خانہ پاکستان میڈرڈ کے ساتھ رابطے میں رہ کر امدادی کام سر انجام دے رہے ہیں۔

خیام اکبر نے مزید کہا کہ کمیونٹی پر اُمید رہے انشااللّٰہ پاکستانیوں کی میتیں پاکستان ضرور پہنچائی جائیں گی۔

تازہ ترین