• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسمگلنگ ملکی معیشت کے لئے ناسور ہے، وزیر اعظم

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اسمگلنگ ملکی معیشت کے لئے ناسور ہے، مصنوعی قلت اور قیمتوں میں ناجائز اضافے کا بوجھ غریب عوام برداشت کرتے ہیں۔

وزیراعظم کی زیر صدارت اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کےخلاف کریک ڈاؤن پر اجلاس ہوا، جس میں ٹڈی دل کے خاتمے سے متعلق اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اسمگلنگ کی روک تھام اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف آرڈیننس پر وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی جبکہ اجلاس میں سرحدیں سیل کیے جانے سے اسمگلنگ میں نمایاں کمی پر بھی بریفنگ دی گئی۔

عمران خان نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت ترین ایکشن نا گزیر ہے، اسگلنگ اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق سخت ترین سزا ئیں دی جائیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزوں کی نشاندہی کے لیے انٹیلی جنس ایجنسیوں کی خدمات حاصل کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کے خدشات کی حامل جگہوں پر دیانتدار افسران تعینات کیے جائیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ صورتحال کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کی جائے، کسی قسم کی انتظامی رکاوٹ نہ آنے دی جائے۔

اجلاس میں گندم کی فراہمی اور کاشتکاروں کو باردانے کی فراہمی کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی، جبکہ ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے ہوائی جہاز اور کھیتوں میں مشینوں کے ذریعے اسپرے کے معاملات پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں وزیر اعظم کو بریفنگ دی گئی کہ ٹڈی دل کے خاتمے کے لئے چین سے جہاز اور مشینری منگوائی گئی ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ٹڈی دل پر قابو پانے کے لیے ہر قسم کی رکاوٹ اور مشکلات کو فوری دور کیا جائے۔

تازہ ترین