• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صحافیوں کو حفاظتی کٹس دیں گے، فردوس اعوان

وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے ڈاکٹر اور طبی عملے کے بعد حفاظتی کٹس صحافیوں کو فراہم کرنے کا اعلان کردیا اور کہا کہ کورونا کے خلاف جنگ میڈیا کے بغیر نہیں لڑسکتے۔

اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ کے دوران فردوس اعوان نے انکشاف کیا کہ میں نے کٹس دیکھیں ہیں، 100 فیصد محفوظ نہیں ہیں، لیکن یہ ایک کوشش ہے، ہم آپ کے ہیلتھ چیلنج سے آگاہ ہیں۔

انہوں نے کہاکہ میڈیا دو محاذوں میں حکومت کا ساتھی اور معاون بنے گا، کورونا کے محاذ پر جنگ ہم میڈیا کی آگاہی کے بغیر نہیں لڑسکتے ہیں۔

وزیراعظم کی معاون خصوی نے مزید کہا کہ ڈاکٹروں کے بعد صحافیوں کو حفاظتی کٹس فراہم کریں گے، اس حوالے سے این ڈی ایم اے سے بات کی جائے گی، اگر وہاں سے ممکن نہ ہوسکا تو مخیر حضرات کے تعاون سے صحافتی برادری تک میں یہ خود پہنچاؤں گی۔

انہوں نے کہا کہ کورونا سے لڑائی میں پوری دنیا کی معیشت کی سانسیں اکھڑ چکی ہیں، وہ ممالک جن کا ہیلتھ سسٹم بہترین تھا، وہ بھی وبا سے زمین بوس ہوئے ہیں۔

فردوس اعوان نے یہ بھی کہا کہ اس چیلنج کا سامنا آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر دنیا بھر کے ڈاکٹرز کر رہے ہیں، ہمیں اپنے گھر کی سب سے زیادہ فکر کرنا ہیں۔

تازہ ترین