سابق پاکستانی اداکار حمزہ علی عباسی کا معروف مبلغ مولانا طارق جمیل کے حق میں بیان سامنے آ گیا۔
حمزہ علی عباسی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ ’مولانا طارق جمیل ایک اچھے انسان ہیں۔‘
واضح رہے کہ حمزہ علی عباسی کی جانب سے مولانا طارق جمیل کے حق میں بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مولانا نے میڈیا سے متعلق اپنے بیان پر معافی مانگی تھی۔
لاک ڈاؤن کے دوران کسم پرسی کا شکار ہونے والی غریب عوام کی فلاح کے لیے احساس ٹیلی تھون جاری تھی جس میں وزیراعظم عمران خان نے خود بھی شرکت کی اور اس ٹیلی تھون کے ذریعے مستحقین کےلیے چندہ جمع کیا۔
ٹیلی تھون کے اختتام پر مولانا طارق جمیل نے دعا بھی کروائی جبکہ اس قبل انہوں نے پاکستان سمیت پوری دنیا کے میڈیا کو جھوٹا قرار دیا تھا۔
مولانا طارق جمیل نے یہ بھی کہا تھا کہ ’ایک ٹی وی چینل کے مالک نے مجھ سے نصیحت طلب کی میں نے کہا کہ چینل سے جھوٹ ختم کردو، اس شخص نے کہا کہ چینل تو ختم ہوسکتا ہے لیکن جھوٹ نہیں۔‘
اس ٹیلی تھون کے بعد سینئر صحافی و اینکر حامد میر نے مولانا طارق جمیل سے اپنے ان الفاظ پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا تھا، جس کے بعد مولانا طارق جمیل نے ایک نجی ٹی وی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے معافی مانگی تھی۔
تاہم مولانا طارق جمیل ٹیلی تھون کے دوران بیان کیے گئے اپنے اس بیان پر ڈٹ گئے اور کہا کہ وہ حلفیہ کہہ سکتے ہیں کہ پاکستان کے ٹاپ کے دس چینلز میں سے ایک مالک نے اس سے نصیحت طلب کی تھی۔
تاہم سوشل میڈیا پر کچھ صارفین حامد میر جبکہ کچھ مولانا طارق جمیل کو درست قرار دے رہے ہیں۔
ایسے میں حمزہ علی عباسی کی جانب سے ایک ٹوئٹ کیا گیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ مولانا طارق جمیل ایک اچھے انسان ہیں۔
حمزہ علی عباسی کا کہنا بھی کہنا تھا کہ اللّٰہ سبحانہ وتعالیٰ مولانا طارق جمیل پر ان کی زندگی اور آخرت میں رحمتیں نازل فرمائے۔
واضح رہے کہ مولانا طارق جمیل کا شمار پاکستان کے ان مبلغ میں ہوتا ہے جنہوں نے معاشرے میں ہمیشہ امن و بھائی چارے کی فضا کے فروغ کے لیے بات کی۔