• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فردوس عاشق اعوان کو کبھی پی ٹی آئی نے قبول نہیں کیا،تجزیہ کار


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’رپورٹ کارڈ‘‘ میں میزبان علینہ فاروق شیخ کے پہلے سوال فردوس عاشق اعوا ن کی کارکردگی کو کیسے ریٹ کریں گے؟ کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کاروں نےکہاکہ فردوس عاشق اعوان کو کبھی پی ٹی آئی نے قبول نہیں کیا۔

مظہر عباس نے کہا کہ جب وزیراعظم کا میڈیا کے حوالے سے ایک نکتہ نظر ہو تو کوئی بھی وزیر اطلاعات کچھ نہیں کرسکتا، فردوس عاشق اعوان اور فواد چوہدری نے بھی بہتری کی کوشش کی ہوگی لیکن وہ کچھ نہیں کرسکتے تھے۔

نئی تقرریوں پر میڈیا کا تاثر بھی دیکھ لیں کہ آپ نے انٹرو میں پہلے معاون خصوصی برائے اطلاعات کا نام لیا پھر وفاقی وزیر اطلاعات کا نام لیا،یہ مسٹری حل کرنا ضروری ہے کہ فردوس عاشق اعوان کو کیوں ہٹایا گیا۔

محمل سرفراز کا کہنا تھا کہ پہلی دفعہ کابینہ میں کسی تبدیلی سے پی ٹی آئی کے لوگ خوش ہیں، شبلی فراز کو وزیر اطلاعات بنانے سے پی ٹی آئی کا کارکن بہت خوش ہے، فواد چوہدری کو بات کرنے پر عبور حاصل تھا، انہیں وزیر اطلاعات سے ہٹایا گیا تو ان کے ناقدین بھی ناخوش تھے، فردوس عاشق اعوان کو کبھی پی ٹی آئی نے قبول نہیں کیا۔

بابر ستار نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کی ترجمانی کرنا عاصم سلیم باجوہ کیلئے بڑا دلچسپ چیلنج ہوگا، عمران خان پہلے فردوس عاشق اعوان اور شہباز گل جیسے ترجمان چنتے رہے اب اچانک اس تبدیلی کی وجہ کیا ہے۔ منیب فاروق کا کہنا تھا کہ شبلی فراز کا وفاقی وزیر بن جانا اچھی بات ہے لیکن یہ تاثر درست نہیں کہ وہ شائستگی سے ہی بات کریں گے، شبلی فراز ٹھیک ٹھاک جارحانہ انداز بھی اختیار کرتے ہیں۔

ارشاد بھٹی نے کہا کہ احمد فراز کے بیٹے شبلی فراز کو وزیر اطلاعات بنانا اچھا فیصلہ ہے، وہ اصلی پی ٹی آئی والے ہیں تبدیلی کے اصل ترجمان لگیں گے، ایسے وقت جب عمران خان میڈیا کو جھوٹا اور منفی قرار دے رہے ہیں شبلی فراز کیسی کارکردگی دکھاتے ہیں یہ وقت بتائے گا۔

دوسرے سوال پاکستان میں ایسا کیا ہوگا کہ لوگ کورونا کو سنجیدگی سے لیں گے؟ کا جواب دیتے ہوئے حسن نثار نے کہا کہ ہم تو زندگی سے لے کر آخرت تک کو سنجیدہ نہیں لیتے، جن لوگوں کو دیوار پر لکھا نظر نہیں آتا وہ نادیدہ جرثومہ کیا نظر آئے گا۔

یہاں شہریوں کی نہ تعلیم ہے نہ تربیت ہے نہ ڈھنگ کا ماحول ہے، سنجیدگی اور ڈسپلن تو زندہ لوگوں کی نشانی ہوتی ہے، جن بیچارو ں کی پوری زندگی روٹی کی تلاش میں گزرجاتی ہے ان کی کیا سنجیدگی اور کیسا ڈسپلن ہوا۔

تازہ ترین