اسلام آباد(ایجنسیاں)وزیراعظم عمران خان کا ایران کے صدر حسن روحانی اور بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس سے ٹیلی فونک رابطہ ‘کورونا وائرس اورپولیو کے خاتمے پر بات چیت ‘حسن روحانی نے عمران خان سے سرحدی تجارت کھولنے کی درخواست کی ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے بل گیٹس کے ساتھ کورونا وائرس (کوویڈ 19) سے متعلق امور پر بدھ کو ٹیلیفون پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کوویڈ 19 کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے بھرپور اور مربوط اقدامات کر رہا ہے۔
عمران خان اور بل گیٹس نے کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال کے تناظر میں بچوں کو بالخصوص پولیو ویکسین کی فراہمی کے معمول کے پروگراموں کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا اور کہا کہ اس کام کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
دریں اثناء عمران خان اور ایرانی صدر کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں دونوں رہنماوں نے باہمی تعلقات کے فروغ،کورونا کے خلاف جنگ اور اس پر قابو پانے پر تبادلہ خیال کیا جبکہ عمران خان نے کہاکہ ایران کے ساتھ معاشرتی اور تجارتی تعاون خوش آئند ہے۔