• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معاشی اہداف کے حصول کے لیے ہم آہنگی ضروری ہے، حفیظ شیخ

 مشیر برائے خزانہ حفیظ شیخ کا کہنا ہے کہ معاشی اہداف کے حصول کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز میں ہم آہنگی ضروری ہے، ریاست کے تمام ادارے مشکل کی اس گھڑی میں معاشی اہداف کے حصول کے لیے کردار ادا کریں۔

مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیرصدارت مانیٹری اینڈ فسکل پالیسی کوآرڈینیشن بورڈ کا اجلا س ہوا۔

سیکریٹری خزانہ نوید کامران نے کہا کہ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے پہلی بار اضافی پرائمری بیلنس حاصل ہوا ہے، جولائی سے مارچ تک پرائمری بیلنس 104 ارب روپے اضافی رہا، گذشتہ برس اسی عرصے میں پرائمری بیلنس میں 474 ارب روپے کا خسارہ تھا۔

سیکریٹری خزانہ نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے معیشت کو چینلجز درپیش ہیں، کورونا وائرس سے قبل معاشی شرح نمو 3.24 فیصد متوقع تھی، کورونا وائرس کے بعد معاشی شرح نمو میں نمایاں کمی متوقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے بروقت 1200 ارب روپے کا ریلیف پیکیج جاری کیا ہے کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے مختلف اسکیم جاری کی گئی ہیں۔

گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے کہا کہ بینک نے معیشت کو سہارا دینے کیلئے شرح سود میں کمی کی ہے، معاشی سرگرمیاں بڑھانے کیلئے سرمائے کی سپلائی بڑھائی گئی ہے۔

رضا باقر نے کہا کہ کاروبار کی طلب اور رسد کیلئے متعدد اسکیم شروع کی جارہی ہیں، عارضی اکنامک ری فنانس فیسلیٹی شروع کی گئی ہے۔

گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے ری فنانس اسکیم شروع کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملازمین کو روزگار پر رکھنے کیلئے ایک اسکیم شروع کی گئی ہے۔

ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن نے کہا کہ کورونا وائرس نے صارفین اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو دھچکا پہنچایا ہے، حکومت کاروبار ی سرگرمیوں کی بحالی کیلئے مشکلات کم کرے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے اثرات پرقابو پانے کیلئے ایس ایم ایز کو سپورٹ کیا جائے، کورونا وائرس کی وجہ سے برآمدات 21 سے 22 ارب ڈالرز رہیں گی۔

مشیر تجارت رزاق داؤد نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث درآمدات 42 ارب ڈالر تک رہیں گی، ترسیلات زر میں کمی کا امکان ہے۔

رزاق داؤد نے کہا کہ درآمدات میں کمی کے باعث تجارتی خسارہ زیادہ نہیں بڑھے گا۔

تازہ ترین