• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاک ڈاؤن نے فیملی کے ساتھ وقت گزارنے کا موقع دیا ہے، ندا ڈار

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی آل راؤنڈر ندا ڈار کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن نے گھر والوں کے ساتھ وقت گزارنے کا موقع دیا ہے، میں گھر میں بچوں کے ساتھ کرکٹ ، بیڈمنٹن اور اسکریبل کھیلتی ہوں اور فٹنس پر بھی کام کررہی ہوں۔

2010ء سے اب تک 102 ٹی ٹوئنٹی اور 74 ایک روزہ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی ندا ڈار نے جیو نیوز کو انٹرویو میں کہا کہ وہ آج کل زیادہ تر وقت گوجرانوالہ میں اپنے گھر میں گزارتی ہیں۔

جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے 33 سالہ ویمن آل راؤنڈر ندا ڈار نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران میں نے بہت زیادہ باتیں کرنا سیکھ لی ہیں، افطار کے بعد ساری توجہ فٹنس پر ہوتی ہے۔

ندا ڈار نے کہا کہ فٹنس کو برقرار رکھنے کیلئے آن لائن سیشنز بھی منعقد کرائے گئے ہیں، ٹرینرز نے گھر میں دستیاب سہولتوں سے ورزش کرنے کی تجاویز دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں کرکٹ گراؤنڈز، ساتھی کرکٹرز اور ٹریننگ سیشن کو شدت سے مس کر رہی ہوں، پرانے میچز کی وڈیوز دیکھ کر مزید کچھ سیکھنے کی کوشش کرتی ہوں۔

ندا ڈار کا کہنا تھا کہ مجھے امید ہے ہم جلد نارمل روٹین پر واپس آجائیں گے اور جب سب کچھ کھل جائے گا تو دوستوں کے ساتھ شمالی علاقہ جات گھومنے کیلئے جاؤں گی۔

ثناء میر سے متعلق بات کرتے ہوئے ندا ڈار نے کہا کہ ثناء میر ایک لیجنڈ ہیں، ہمیشہ انہوں نے کھلاڑیوں کی رہنمائی کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ثناء میر کی وجہ سے ویمن کرکٹ کو پہچان ملی ہے اور میں ثناء میر کی خدمات پر ان کو سلام پیش کرتی ہوں۔

ندا ڈار نے بتایا کہ ثناء میر نے ٹیم کیلئے بہت سے پلیئرز بنائے ہیں اور انہوں نے مجھ سمیت کئی خواتین کرکٹرز کو گروم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

تازہ ترین