• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رمضان کو رحمتوں اور برکتوں والا مہینہ قرار دیا جاتا ہے، سائنس بھی اس بات کو تسلیم کرتی ہے کہ ایک مہینے کے روزے سے انسانی جسم پر بہترین اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

ماہ رمضان میں صحت برقرار رکھتے ہوئے وزن گھٹانے کا بھی بہترین موقع ملتا ہے۔اس رمضان مندرجہ ذیل 5 عادات اپناکر دیکھیں جن سے صحت بھی اچھی رہے گی اور وزن میں کمی بھی آئے گی۔

ٹھوس سے زیادہ پانی کا استعمال

روزہ کھولنے سے لے کر دوبارہ روزہ رکھنے کے دوران پانی کو اہمیت دیں، روزہ کھولتے ہی کھجور کھانے کے بعد 2 گلاس سادہ پانی پیئں مگر آہستہ آہستہ، افطار کے بعد کیفین پر مشتمل مشروبات جیسے کے چائے، کافی سے گریز کریں، کیفین مشروبات سے انسانی جسم سے فوراً پانی نکل جاتا ہے جو کہ مضر صحت ہے، سبز چائے لے سکتے ہیں، سبز چائے مفید ثابت ہوگی، افطار کے بعد 30 منٹ سے 1 گھنٹے کا وقفہ لیں اور اس کے بعد وقتاً فوقتاً سادہ پانی پیتے رہیں۔

افطار سادہ رکھیں

روزے کے دوران میٹابالزم یعنی کھانا ہضم کرنے کی صلاحیت نہایت کم ہو جاتی ہے اسی لیے افطار کو نارمل روٹین کی طرح سادہ رکھیں، روزہ کھولتے ہی پھلوں اور سادہ پانی کا استعمال کریں۔

رات کے کھانے میں مرغن ، مسالے والی اور تلی ہوئی غذاؤں سے اجتناب کریں، سادہ کھانا کھائیں جس میں زیادہ تر حصہ سبزیوں، دالوں اور کم کیلوریز والی غذا کا ہو، یاد رکھیں عام دنوں میں بھی رات کا کھانا سونے سے 4 سے 6 گھنٹے پہلے کھا لینا چاہیئے۔

کھجوروں کا استعمال کریں

کھجور ایک مکمل غذا ہے جو آ پ کو فوراًطاقت دیتی ہے، روزے کی حالت میں اگر آپ کا شوگر لیول یا بلڈ پریشر لیول کم ہوتو کھجور کے کھاتے ہی طبیعت سنبھلنے لگتی ہے، اس رمضان کھجور کا غذا میں استعمال زیادہ رکھیں۔

سحری بہت اہم ہے

سحری کے وقت کوشش کریں کہ بھوک کے مطابق غذا لیں، سحری میں کم یا بھوکے رہنے کا مطلب ہے آنے والے دن میں آپ سست، بھوک کا شکار اور چڑچڑے رہیں گے، بھوک کے سبب افطار میں زیادہ کھائیں گے جس سے وزن کم کرنے کے منصوبے میں ناکام ہو جائیں گے ۔

سحری میں کیا کھانا چاہیے ؟

سحری کے دوران دودھ ، دہی ، انڈے ، فائبر ، پھلیوں ، سبزیوں ، براؤن بریڈ پھل ، دلیہ کا استعمال زیادہ کریں، چائے، چینی ، پروسیسڈ فوڈ، نمکین مشروبات، نمکین غذاؤں سے اجتناب کریں، ان سے آپ کو سارا دن پیاس محسوس ہو سکتی ہے ۔

روز مرہ کی روٹین کے مطابق کام کرتے رہیں

رمضان کے دوران اپنی روٹین کو خراب نہ کریں، رات کو سونے کا وقت مقرر کریں اور سارا دن سونے سے گریز کریں، زیادہ دھوپ میں باہر نہ جائیں، رمضان کے دوران ورزش کو معمول بنا لیں اس سے آپ کا وزن تیزی سے کم ہوگا۔

تازہ ترین