• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موسم گرما میں بالوں کی صحت خراب اور کافی نظر انداز ہوتی ہے، گرمی کے سبب سر کی جلد پر پسینہ، چکناہٹ آجانے کی وجہ سے جَلد اس کے مسام بند ہو جاتے ہیں جس کے سبب بال کمزور، روکھے اور بے جان ہو سکتے ہیں۔

 اپنے بالوں کی صحت کو نظر انداز کرنے کے بجائے مندرجہ ذیل آسان گھریلو ٹوٹکے اپنائیں، ان کے نتائج حیران کن ثابت ہوں گے ۔

ملک تھیراپی

ملک تھیراپی آسان ترین اور فائدہ مند ہیئر ماسک ہے، دودھ کے استعمال سے بال تیزی سے لمبے اور قدرتی طور پر موائسچرائز ہو جاتے ہیں، بالوں کو شیمپو کرنے کے بعد بالوں کی جڑوں سے لے کر سروں تک دودھ لگائیں اور 5 منٹ کی مساج کے بعد سادے پانی سے دھو کر بال سکھا لیں، بہترین نتائج کے لیے یہ عمل ہفتے میں 3 بار کیا جا سکتا ہے۔

روکھے، بے جان بالوں کی انڈے سے تھیراپی کریں

پھینٹا ہوا انڈہ اور دودھ ہم وزن مکس کر لیں، اب اسے بالوں کی جڑوں میں 5 منٹ مساج کریں اور بال کسی مائلڈ شیمپو یعنی کم کیمکل والے شیمپو سے دھو لیں۔

تلوں کا تیل اور گلیسرین

اگر آپ کے بال کنگھی کرتے ہوئے ٹوٹتے ہیں تو تلوں کا تیل اور گلیسرین کا استعمال لازمی آزمائیں ، ایک چائے کا چمچ تلوں کا تیل اور ایک چائے کا چمچ گلیسرین لے لیں ، اب اس میں انڈے کی زردی ملا  کر پھینٹ لیں، اب اس مرکب کو جڑوں سمیت سروں تک لگائیں اور 30 منٹ کے لیے چھوڑ دیں ، بال ٹوٹنا بند ہو جائیں گے ۔

بے جان ، الجھے ہوئے بالوں کا گرم تیل سے مساج کریں

ہفتے میں دو بار گرم اصل کھوپرے کے تیل سے بالوں کی جڑوں سے سروں تک مساج کریں، اب نیم گرم پانی میں تولیہ بگھو کرنچوڑ لیں اور اسے اپنے بالوں پر لپیٹ لیں، اس عمل کو 2 سے 3 بار 5 ، 5 منٹ کے لیے دہرائیں، تیل ایک رات لگا رہنے دیں، دوسرے دن کی صبح بال دھو لیں ، اس سے بال قدرتی طور پر کنڈیشنڈ ہو جائیں گے۔

کاسٹر آئل تھیراپی

بالوں کو مضبوط اور گھنا بنانے کے لیے کاسٹر آئل بہترین آپشن ہے ، کاسٹر آئل سے بالوں کا کلر بھی بر قرار رہتا ہے، استعمال کے لیے ایک چمچ کاسٹر آئل اور  ایک چمچ کھوپرے کا تیل ملائیں اور مساج کر لیں، بالوں میں تیل ایک رات لگا رہنے دیں ، دوسرے دن کسی اچھے شیمپو سے بال دھو لیں ۔

روکھے الجھے ہوئے بے جان بالوں کا علاج بادام کے تیل سے کریں

اگر بار بار شیمپو کرنے یا بال کھول کر رکھنے کی وجہ سے آپ کے بال بے حد بے جان اور روکھے ہو گئے ہیں تو ایسے بالوں کا علاج بادام کے تیل سے کریں ، باداموں کے تیل میں انڈے کی زردی ملا کر اس سے مساج کریں ، یہ ہیئر ماسک ایک گھنٹہ لگا رہنے دیں ، اس کے بعد بالوں کو کسی اچھے شیمپو سے دھو لیں ۔

آملہ ہیئر آئل

آملہ آئل کا استعمال سر کی خشکی ختم کرنے اور بالوں کا ایسڈ الکلائین متوازن رکھنے کے لیے نہایت مفید ہے ۔

آملہ تیل بنانے کے لیے ایک مٹھی خشک آملہ لیں ، اب انہیں پیس کر پاؤڈر بنا کر 100 ملی گرام کھوپرے کے تیل میں ملا لیں ، اس مکسچر کو کانچ کی ایئر ٹائٹ بوتل میں ڈال کر روزانہ دھوپ میں رکھیں، 15 دنوں کے بعد تیل چھان لیں اور اس کا استعمال شروع کر دیں، اس DIY تیل کے فوائد آپ کو حیران کر دیں گے ۔

مایونیز ٹریٹمنٹ

بے جان، روکھے بالوں کو سلجھانے کا وقت نہیں ہے تو اس کا سب سے آسان اور مؤثر طریقہ یہ ہے کہ بس کچن میں جائیں اور اپنے بالوں کی لمبائی دیکھتے ہوئے مایونیز لیں اور اسے بالوں پر ماسک کی صورت لگا لیں، 30 منٹ بعد شیمپو کر لیں، اس ماسک کے بعد آپ کو کسی اسٹریٹنر یا کنڈیشنر کی ضرورت نہیں پڑے گی ۔

تازہ ترین