• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بہتر نیندکیلئے یہ غذائیں آج ہی چھوڑ دیں

اچھی اور گہری نیند کا براہ راست تعلق آپ کی غذا خصوصاً رات کے کھانے اور دماغی صحت سے ہوتا ہے، اگر آپ پر سکون نیند سونا چاہتے ہیں تو آپ کو سب سے پہلے اپنے کھانے پینے کی روٹین اور غذا میں تبدیلی لانا ہوگی۔

عالمی وبا کوروناوائرس کے پیش نظر دنیا بھر میں لاک ڈاؤن کی صورتحال جاری ہے جس کے سبب تقریباً سب ہی افراد ذہنی دباؤ اور خوف کا شکار ہیں، 24 گھنٹے گھر میں رہنے کے سبب کھانے پینے اور سونے کے اوقات کافی حد تک بگڑ چکے ہیں جبکہ ماہرین کے مطابق اس وبائی بیماری سے بچنے کے لیے پر سکون اور بھر پور نیند لینا بے حد ضروری ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق اچھی اور گہری نیند کے لیے سب سے پہلے اپنے کھانے پینے اور سونے کا وقت مقرر کریں اور اس پر سختی عمل کریں، روزانہ کی بنیاد پر کم سے کم 30 منٹ ورزش لازمی کریں اور بستر پر جانے سے پہلے کچھ نہ کھائیں، خصوصاً مندرجہ ذیل غذاؤں سے اجتناب برت کر شب بیداری سے بچا جا سکتا ہے۔

سوڈا ڈرنکس

سوڈا ڈرنکس میں کیفین پائے جانے کے سبب رات سونے سے پہلے اس کے استعمال سے آپ ’انسومنیا‘ کا شکار ہو سکتے ہیں، سوڈا ڈرنکس میں کاربونیٹ پایا جاتا جس سے معدے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے، ماہرین کے مطابق اگر سوڈا ڈرنکس کا استعمال کرنا آپ کی عادت میں ہے تو بہتر نیند کے لیے اس کا استعمال آج ہی ترک کر دیں ۔

میٹھی غذائیں خصوصاً میٹھے مشروبات آپ کی ذہنی صلاحیت بھی متاثر کرتے ہیں جس سے آپ ڈپریشن کا شکار ہو سکتے ہیں۔

ڈارک چاکلیٹ

ڈارک چاکلیٹ میں اینٹی آکسیڈنٹ اجزا اور منرلز پائے جانے کے سبب اسے بطور دوا بھی استعمال کیا جاتا ہے ، اس کے استعمال سے وزن میں کمی بھی آتی ہے۔

امریکی نیشنل سلیپ فاؤندیشن کے مطابق ڈارک چاکلیٹ کے استعمال سے دل کی دھڑکنیں تیز ہو جاتی ہیں جس کے سبب پر سکون نیند میں خلل آ سکتا ہے، ڈارک، براؤن، وائٹ یا کسی بھی قسم کی چاکلیٹ میں کیفین کی مقدار پائی جاتی ہے ، جس کے استعمال سے انرجی لیول اچانک بوسٹ اپ ہوتا ہے جس سے آپ سونے کے بجائے رات بھر خود کو چوکنا اور توانا محسوس کر سکتے ہیں ۔

اگر رات سونے سے پہلے آپ کوکچھ میٹھا کھانے کی طلب محسوس ہو رہی ہے تو چاکلیٹ اچھا آپشن نہیں ہے، چاکلیٹ کے استعمال سے اجتناب کریں خصوصاً ڈارک چاکلیٹ کے استعمال سے ۔

ہائی شوگر سیریلز

بستر پر جانے سے پہلے ہلکی پھلکی بھوک کے احساس میں میٹھی غذا سے مکمل پر ہیز کریں، میٹھی غذائیں آپ میں اچانک توانائی کا احساس جگا سکتی ہیں جس سے نیند متاثر ہو سکتی ہے، اگر آپ کو واقعی بھوک کا احساس سونے نہیں دے رہا تو ایسے میں پھل، ڈرائی فروٹس یا مختلف اقسام کے بیجوں کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔

مرغن غذائیں

مرغن غذائیں ہضم ہونے میں کافی وقت لیتی ہیں، لاک ڈاؤن کے سبب کسی وقت بھی کھانا پکانے اور کھائے جانے کی عادت بن گئی ہے، رات گئے بھو ک میں اگر آپ کا دماغ کچھ پکانے یا کوئی مرغن غذا آرڈر کرنے کو کہے تو اپنے دل کی سنے بغیر دماغ سے کام لیں اور بے وقت کی بھوک لگنے کی عادت بدلتے ہوئے گھر کی بنی ہلکی پھلکی غذا کھائیں اور سونے کی کوشش کریں۔

سونے اور کھانا کھانے کا وقت مقرر کر لیں اور سونے سے پہلے کم از کم 4 گھنٹے پہلے کھانا کھالیں، رات کے کھانے میں کچھ ہلکا پھلکا کھانے سے نیند بہتر اور پر سکون آئے گی۔

تازہ ترین