• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر صنعت پنجاب تاجروں پر برس پڑے


پنجاب کے وزیر صنعت میاں اسلم اقبال لاک ڈاؤن کے ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کر نے پر تاجروں پر برس پڑے۔

لاہور میں تاجروں کے وفد نے صوبائی وزیر صنعت سے ملاقات کی اور مارکیٹوں کا وقت بڑھانے کا مطالبہ کیا۔

تاجروں کے مطالبے پر وزیر صنعت میاں اسلم اقبال نے کہا کہ مارکیٹوں میں ایس او پیز پر عمل درآمد نہیں کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ نے چند روپوں کی خاطر لوگوں کی زندگیاں داؤ پر لگادی ہیں، جن مارکیٹوں میں کورونا کیسز زیادہ ہوئے انہیں سیل کردیا جائےگا۔

صوبائی وزیر صنعت نے مزید کہا کہ اچھرہ، ٹاؤن شپ اور انار کلی بازار کی ویڈیوز دیکھیں تو خوف آتا ہے، ایس او پیز پر عمل نہ کیا تو دوبارہ لاک ڈاؤن سے نہیں بچا سکتا۔

انہوں نے تاجروں کے وفد پر واضح کیا کہ ایس اوپیز پر عمل نہیں ہو رہا، اس لیے کاروبار کا وقت نہیں بڑھا سکتے۔

یاد رہے کہ لاہور کی مارکیٹوں میں لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد دوسرے روز بھی کاروباری سرگرمیاں زور و شور سے جاری رہیں۔

دکانداروں اور گاہکوں کی طرف سے کورونا سے بچاؤ کے ایس اوپیز پر عمل درآمد نہیں کیا جارہا، نہ ہی انتظامیہ کی جانب سے ایس اوپیز پر عملدرآمد کے حوالے سے کوئی اقدامات نظر آرہے ہیں۔

لاہور کی شاہ عالم مارکیٹ، مال روڈ، ہال روڈ، انارکلی بازار، نیلا گنبد، اچھرہ بازار، لبرٹی مارکیٹ، ایم ایم عالم روڈ، موچی گیٹ، سرکلر روڈ، اسلام پورہ، کرشن نگر، گڑھی شاہو، شاہدرہ، آٹو مارکیٹس منٹگمری روڈ اور میکلوڈ روڈ سمیت دیگر کاروباری مراکز میں دوسرے روز بھی کاروباری سرگرمیاں عروج پر رہیں۔

تازہ ترین