• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا آزمائش، تمام شوٹنگز کا سلسلہ تھم گیا: احسن خان


جیو کے ڈرامے ’الف‘ اور ’شاہ رخ کی سالیاں‘ سے نئی نسل میں مقبولیت حاصل کرنے والے ورسٹائل فن کار احسن خان نے کہا ہے کہ ، کورونا ہم سب کے لیے ایک آزمائش ہے، تمام ڈراموں اور فلموں کی شوٹنگز کا سلسلہ تھم گیا ہے، ہنگامی بنیاد پر کی جانے والی عید کی درجنوں فلموں کی شوٹنگز ملتوی ہوگئیں، کوئی نہیں جانتا کہ مستقبل قریب میں سینما گھروں کا کیا بنے گا۔

احسن خان ان دنوں قومی چینل پر رمضان المبارک کی خصوصی نشریات کی میزبانی کررہے ہیں۔

معروف اداکار نے ڈراموں اور فلموں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے بعد رمضان المبارک کی خصوصی نشریات کی منفرد انداز کی میزبانی میں بھی خود کو منوالیا ہے۔

اس بارے میں گفتگو کرتے ہوئے  احسن خان نے بتایا کہ وہ فنون کی تمام اصناف میں کام کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے اُڈاری سے غیر معمولی مقبولیت حاصل ہوئی تو جیو سے شاہ رخ کی سالیاں اور الف سے مزید کامیابی حاصل ہوئی۔

احسن خان کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس رمضان المبارک کی خصوصی نشریات کی تو ناظرین نے خوب سراہا اور مجھے رواں برس بھی کام کرنے کا حوصلہ ملا۔

اداکار احسن خان کا دنیا میں تیزی سے پھیلتے جان لیوا کورونا وائرس کے حوالے سے کہنا تھا کہ پُوری دُنیا لاک ڈاؤن میں ہے۔ کسی خاص طبقے کا اس سے تعلق نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کی صورت میں ہماری زندگیوں میں ایک بہت بڑا چیلنج سامنے آیا ہے، جو اس سے پہلے کبھی نہیں آیا۔ دُنیا بھر کے انسانوں نے کبھی ایسی خطرناک اور جان لیوا وبا کا سامنا نہیں کیا تھا۔

اداکار کا کہنا تھا کہ وہ ذاتی طور پر ایسا محسوس کر رہے ہیں کہ رَبُّ العزت نے ہمیں کچھ دکھایا ہے۔رَبّ تعالیٰ فرماتا ہے کہ میں بندوں کو آزماتا ہوں۔ کورونا ہم سب کی آزمائش ہے، ہم اس پریشانی سے کس طرح نکلتے ہیں، یہ ہم سب پر منحصر ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کچھ ٹیلی ویژن ڈرامے جو پہلے سے مکمل تھے، وہ آن ایئر ہیں اور فرصت میں ناظرین انہیں دیکھ رہے ہیں۔ 

احسن خان کا کہنا تھا کہ ٹی وی شوز وغیرہ کی ریکارڈنگ کم ہو رہی ہے۔ کچھ فن کار رمضان المبارک کی ٹرانسمشن میں مصروف ہیں ہمیں مشکل کی اس گھڑی میں اپنے اردگرد کے لوگوں کا خیال رکھنا ہے۔

تازہ ترین