• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کہتے ہیں کہ جولائی میں ٹیم پاکستان دورہ انگلینڈ کےلیے تیار ہے، پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دورے کے حوالے سے کافی مثبت ڈسکشن ہوئی ہیں ۔

جیونیوز سے گفتگو میں پی سی بی کے سی ای او وسیم خان نے کہا کہ انگلش کرکٹ بورڈ سے ٹیلی کانفرنس کافی مفید رہی ہے، پی سی بی اصولی طور پر دورہ انگلینڈ کیلئے تیار ہے، دورے کے حوالے سے آئندہ ہفتے پلیئرز کو بھی بریفنگ دی جائے گی ۔

وسیم خان نے بتایا کہ 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل دورے کا آغاز 5 اگست سے ہونا ہے لیکن اس میں شرکت کیلئے پاکستان ٹیم جولائی کے وسط میں ہی انگلینڈ پہنچ جائے گی جہاں پہلے تو پلیئرز کا کووڈ ٹیسٹ ہوگا اور پھر انہیں قرنطینہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وسیم خان کا کہنا تھا کہ پی سی بی 25 سے 28 پلیئرز کو انگلینڈ بھیجنے کا ارادہ رکھتا ہے، کسی کھلاڑی کو زبردستی دورے پر جانے کو نہیں کہا جائے گا اورپاکستان کرکٹ بورڈ کھلاڑیوں کی اضافی ہیلتھ انشورنس کروائے گا۔

وسیم خان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ نے بائیو سیکیور وینیوز کا کہا ہے تمام میچز 2 مقامات پر ہوں گے ایک اضافی پریکٹس وینیو ہوگا، امکان ہے کہ مانچسٹر اور ساوتھمپٹن میچز کے وینیو اور برمنگھم کو پریکٹس وینیو کے طور پر زیر غور لایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ اور محدود اوورز فارمیٹ کی ٹیمیں ایک ساتھ سفر کریں گی تاکہ اضافی سفری اخراجات سے بچا جاسکے اور انگلینڈ میں کھلاڑیوں کو انٹرا اسکواڈ ٹریننگ کا موقع مل سکے۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹرز چارٹرڈ طیارے میں پاکستان سے انگلینڈ کا سفر کریں گے جس کے اخراجات انگلش کرکٹ بورڈ (ای سی بی ) برداشت کرے گا، ٹیم کا جولائی کے وسط میں انگلینڈ پہنچنے کا پلان ہے۔

وسیم خان نے کہا کہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کی سیریز سے معاملات کا مزید اندازہ ہوجائے گا، دورے کے حوالے سے حکومتی گائیڈ لائن بھی حاصل کریں گے۔

دوسری جانب آئی سی سی کی کرکٹ کمیٹی پیر کو کرکٹ کھیلنے کے پروٹو کولز پر بات کرے گی۔

تازہ ترین