• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس سال ڈومیسٹک پلیئرز کی تنخواہوں میں بھی اضافے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی اس سال ڈومیسٹک کرکٹرز کو نئے کنٹریکٹس میں نئی تنخواہوں کا اعلان کردے گا۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق 192 ڈومیسٹک کرکٹرز کو نئے کنٹریکٹس میں 15 سے 40 فیصد تک اضافہ ہوسکتا ہے، بجٹ منظوری کی صور ت میں یہ اضافہ پچاس فیصد تک بھی جاسکتا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے گزشتہ سیزن میں جب ڈومیسٹک اسٹرکچر کو تبدیل کیا تھا تو چھ ریجنز میں فرسٹ الیون اور سیکنڈ الیون میں شامل مجموعی طور پر 192 کرکٹرز کو 50 ہزار ماہانہ مشاہرے کے ڈومیسٹک کنٹریکٹس دیئے تھے۔

ذرائع کا ماننا ہے کہ اضافے کے بعد ڈومیسٹک کرکٹرز کی ماہانہ تنخواہیں 60 ہزار سے 75 ہزار کے درمیان ہوجائیں گی۔

ذرائع نے بتایا کہ پلیئرز کی میچ فیس میں بھی اضافہ کیا جائے گا جس کے بعد فرسٹ الیون کے کرکٹرز سالانہ 25 لاکھ سے زائد آمدن حاصل کرنے لگ جائیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پہلے ہی دس کرکٹرز کو اے پلس کنٹریکٹس دینے کا فیصلہ کیا تھا، اے پلس میں ڈومیسٹک ٹورنامنٹس کے ٹاپ پرفارمرز، انڈر نائنٹین کے ٹاپ پلیئرز اور سینٹرل کنٹریکٹ سے محروم موجودہ انٹرنیشنل کرکٹرز بھی شامل ہوں گے۔

تازہ ترین