• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشکول توڑنے کے دعویدار خود اسے تھامے نظر آتے ہیں‘صادق عمرانی

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے کہا ہے کہ ناکارہ انجن اور اس کی بوسیدہ بوگیاں ریاست پر پڑنے والے اضافی بوجھ کو اٹھانے سے قاصر ہوچکی ہیں یہ لاحاصل تجربہ بھی اپنے نتائج سے کوسوں دور نظر آرہا ہے جاری بحرانی کیفیت کا مزید تقویت پکڑنا ان بلندوبانگ دعوئوں کی نفی کررہا ہے جن کے بل بوتے پر تبدیلی سرکار کو قوم پر مسلط کیا گیا تھا۔ حکومتی کارکردگی اس نہج پر پہنچ چکی ہے کہ ہاں میں ہاں ملانے والوں کو اعلیٰ فیصلوں سے نوازا جاتا ہے اور اختلاف کرنے اور اپنے گرد کھینچے گئے حصار سے نکلنے والوں کو گھر کی راہ دکھا دی جاتی ہے ملک ہی نہیں بلکہ اس میں بسنے والے 22 کروڑ عوام تاریخ کے نازک ترین حالات سے گزر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سکھ و چین کی بانسری بجانے والوں کو شاید اب تک اس حقیقت کا ادراک نہیں کہ دنیا غریبوں کا خیال کبھی نہیں کرتی بلکہ کمزوروں کو اپنے پیروں تلے روند کر اپنے مفادات کے حصول و تحفظ کو یقینی بناتی ہے کشکول توڑنے کے دعویدار اب اسی ٹوٹے کشکول کو تھامے در در کی خاک چھانتے نظر آرہے ہیں۔ صادق عمرانی نے کہا کہ وفاق کی تمام اکائیوں کے ساتھ ملکر کام کرنے کے خواہاں صرف اقتدار میں رہتے ہوئے اپنی اس خواہش کا اظہار کرتے ہیں اقتدار کے جاتے ہی انہیں پھر سے صوبے میں ہونے والی زیادتیوں اور ناانصافیوں کا خیال آجاتا ہے یہی طریقہ واردات انہیں آئندہ انتخابات میں پھر سے اقتدار میں آنے والوں کی صف میں شامل رکھتا ہے اور صوبے کے عوام کی معاشی آسودگی و ترقی اور خوشحالی ان کے پھر سے اقتدار میں آتے ہی گھاس چرنے نکل پڑتی ہے وفاق کی حق تلفیوں کا رونا تو سبھی پیٹتے نظر آتے ہیں مگر صوبے کے اپنوں کی جانب سے جاری استحصال پر کسی کی توجہ کیوں نہیں جاتی، یہی منفی طرز سیاست اور استحصالی طرز عمل ہمارے صوبے کے عوام کا سب سے بڑا المیہ ہے۔
تازہ ترین