• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیریوں کا پاکستان کے ساتھ عید منانا بھارت کے منہ پر طمانچہ ہے، شاہد مجید

جاپان میں مقیم معروف کشمیری رہنما اور  کشمیر یکجہتی فورم جاپان کے سربراہ شاہد مجید ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کا آج بھارت کے بجائے پاکستان کے ساتھ عیدالفطر منانے کا اعلان بھارتی حکومت کے منہ پر طمانچہ ہے۔ 

 انہوں نے کہا کہ عیدالفطر کے موقع پر بھی مقبوضہ کشمیر میں وہی آہیں وہی سسکیاں ہیں۔ کرفیو اور قتل عام کر کے انسانی حقوق کی سنگین پامالی کی جارہی ہے، اور بھارت کی دہشتگردی دن بدن بڑھتی جارہی ہے جو قابل مذمت ہے۔ 

 انہوں نے کہا آرٹیکل 370 اور کورونا وائرس کے بعد بھارتی فوج کو کشمیریوں کے قتل عام کا لائسنس دے دیا گیا ہے اور مقبوضہ کشمیر میں کوئی گھر ایسا نہیں جہاں شہادت یا بھارتی فوج کی فائرنگ سے کوئی زخمی نہ ہوا ہو۔

سری نگر میں نماز عید کی اجازت نہ دینا، یاسین ملک اور دیگر رہنماؤں کو پابند سلاسل کر کے بھارتی حکومت کون سی جمہوری اقدار کا درس دے رہی ہے۔ کشمیریوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔

 کشمیری ہمیشہ کی طرح صرف پاکستان کے ساتھ عید مناتے ہیں اور مناتے رہیں گے۔ کشمیری نوجوانوں کی جانب سے لاؤڈ ا سپیکرز کے ذریعے پاکستان میں چاند نظر آنے کے اعلانات پر بھارتی حکومت کو سمجھ لینا چاہیے کہ کشمیری عوام کیا چاہتے ہیں۔

تازہ ترین