• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کے خلاف مختلف شہروں میں احتجاج

میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کے خلاف مختلف شہروں میں احتجاج


جنگ گروپ اور جیو کے ایڈیٹر اِن چیف میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں صحافیوں اور میڈیا ورکرز نے عید کے دن بھی احتجاجی مظاہرہ کیا اور مطالبہ کیا کہ انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے۔

پشاور
پشاور میں احتجاجی مظاہرہ جنگ، جیو اور دی نیوز کے دفاترکے باہر کیا گیا، احتجاج میں صحافیوں اور میڈیا ورکرز نے شرکت کی۔

مظاہرین نے کہا کہ ملک کے سب سے بڑے میڈیا گروپ کے ساتھ ناروا سلوک کیا جا رہا ہے، جنگ و جیو گروپ کے ایڈیٹر ان چیف کی گرفتاری انتقامی کارروائی ہے، مظاہرین نے میر شکیل الرحمٰن کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

کوئٹہ
کوئٹہ کے سمنگلی روڈ پر واقع جنگ بلڈنگ میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں جنگ اور جیو کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر جنگ ایمپلائز یونین کے صدر حماد اللّٰہ رند کا کہنا تھا کہ عید کے روز جنگ کے کارکنوں کا مظاہرہ میر شکیل الرحمٰن کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کا ثبوت ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ میر شکیل الرحمٰن پر قائم بے بنیاد مقدمہ فوری طور پر ختم کرکے انہیں رہا کیا جائے۔

نواب شاہ
نواب شاہ میں عید کے روز بھی صحافیوں نے پاک کالونی میں احتجاج کیا۔

صدر نواب شاہ یونین آف جرنلسٹ محمد انور شیخ نے کہا کہ جنگ گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل کو 34 سال پرانے نجی جائیداد کی خریداری پر جھوٹے مقدمہ میں غیر قانونی طور پر قید میں رکھا گیا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ میر شکیل الرحمان کو فوری رہا کیا جائے۔

تازہ ترین