• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ترک صدر کا وزیراعظم کو فون، عید کی مبارکباد، طیارہ حادثے پر اظہار افسوس

ترک صدر کا وزیراعظم کو فون، عید کی مبارکباد، طیارہ حادثے پر اظہار افسوس


وزیراعظم عمران خان کو ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے عیدالفطر کی مبارکباد دی ہے۔ ترک صدر نے پیر کو ٹیلی فون پر وزیراعظم سے رابطہ کیا۔

اس موقع پر ترک صدر نے کراچی میں طیارہ حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ترک حکومت اور عوام غم کی اس گھڑی میں پاکستانی بھائیوں کے ساتھ ہیں۔

اس موقع پر دونوں سربراہان نے کورونا وائرس سے متعلق دوطرفہ تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے ترک صدر کو کورونا کے انسداد کیلئے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے ترکی کی جانب سے کورونا وائرس کے خلاف دی گئی امداد پر صدر رجب طیب اردوان کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے ترک صدر کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی اور بھارت کے انسانیت سوز سلوک سے آگاہ کیا۔

انہوں نے ترک صدر کو بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں ڈبل لاک ڈاؤن اور ملٹری کریک ڈاؤن ہے۔ وزیراعظم نےمقبوضہ وادی کی جغرافیائی حیثیت تبدیل کرنے کی بھارتی کوششوں پر پاکستانی تحفظات سے بھی آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ترکی کی جانب سے میڈیکل سامان کی فراہمی پر ترک صدر سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ یہ تعاون دونوں ممالک کے تاریخی تعلقات اور مشکل وقت میں مدد کا مظہر ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ قرضوں میں ریلیف مہم، معاشی و معاشرتی ترقی میں استحکام کورونا سے نمٹنے کیلئے ضروری ہے، انہوں نے ترک صدر کو ترقی پذیر ممالک کے لیے قرضوں میں ریلیف مہم سے آگاہ کیا۔

تازہ ترین