• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحقیقات کے لئے طیارہ ساز کمپنی ایئربس کی تحقیقاتی ٹیم کراچی پہنچ گئی

تحقیقات کے لئے طیارہ ساز کمپنی ایئربس کی تحقیقاتی ٹیم کراچی پہنچ گئی


کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پی آئی اے طیارہ حادثہ کی تحقیقات کے لئے طیارہ ساز کمپنی ایئربس کی گیارہ رکنی تحقیقاتی ٹیم کراچی پہنچ گئی‘جائے حادثہ کا دورہ‘شواہداکٹھے کئے ‘ تباہ شدہ جہاز کے ملبے کا جائزہ ‘ رن وے کا بھی معائنہ کیا۔

ٹیم تباہ ہونیوالے طیارے کابلیک باکس اور انجن اپنے ساتھ فرانس لے کر جائیگی جس سے اہم شواہد سامنے آئیں گے۔ٹیم خصوصی پروازاے آئی بی 1888 سے کراچی پہنچی ۔فرانسیسی ماہرین پاکستانی تحقیقاتی ٹیم کو تکنیکی معاونت بھی فراہم کررہے ہیں ۔ 

ذرائع کے مطابق فرانسیسی ماہرین کی ٹیم نے طیارہ حادثے کی جگہ سے اہم تصاویر اور ویڈیوز کی شکل میں شواہد اکٹھے کئے ہیں۔ ٹیم نے ماڈل کالونی میں جائے حادثہ کادورہ کیا۔ اس موقع پر انہیں سول ایوی ایشن کے فائر ڈپارٹمنٹ، پی آئی اے کے فلائٹ سیفٹی اور انجینئرنگ کے افسران نے تفصیلی بریفنگ دی۔

ایئر بس کی ٹیم نے حادثے کے شکار طیارے کے ملبے، انجن، لینڈنگ گیئر، ونگز اور فلائٹ کنٹرول سسٹم کا جائزہ لیا، ٹیم نے طیارہ ٹکرانے سے ٹوٹنے والے گھروں کا معائنہ بھی کیا اور طیارے کے ملبے اور متاثرہ عمارتوں کی تصاویر اور ویڈیوز بنائی گئی۔ صباح نیوزکے مطابق ٹیم نے اس رن وے کا معائنہ بھی کیا جہاں طیارے نے لینڈنگ کرنی تھی جبکہ کنٹرول ٹاور اور پائلٹ کے درمیان ہونے والی گفتگو کا بھی جائزہ لیا گیا۔

آئی این پی کے مطابق بلیک باکس اوروائس ڈیٹا ریکارڈرڈی کوڈ ہونے کے بعد جہاز کی روانگی سے گرنے تک کپتان اور معاون کپتان کی گفتگو سنی جاسکے گی جس سے اس بات کا جائزہ لینے میں مدد ملے گی کہ کاک پٹ عملے نے ایئربس کے طے شدہ پروسیجر پر کس حد تک عمل کیا۔

 آن لائن کے مطابق ایئربیس کمپنی کی تحقیقاتی ٹیم نے کنٹرول ٹاور اور پائلٹ کے درمیان ہونے والی گفتگو کا بھی جائزہ لیا۔

تازہ ترین