• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لداخ، چینی فوج حقیقی کنٹرول لائن تک پہنچ گئی، بھارت پسپا

لداخ، چینی فوج حقیقی کنٹرول لائن تک پہنچ گئی، بھارت پسپا


کراچی (نیوز ڈیسک) بھارتی فوج کی جانب سے چینی حدود میں دراندازی کا بھرپور جواب دیتے ہوئے چینی افواج لائن آف ایکچوئل کنٹرول کے قریب پہنچ گئی، بھارتی فوج چار محاذوں پر پسپا ہوگئی۔

مشرقی لداخ کے علاقے پینگونگ لیک اور گالوان وادی میں بھارتی اہلکاروں کی چینی فوج سے جھڑپیں ، اس دوران سرحدی خلاف ورزی پر چین کی جانب سے بھارتی فوجیوں کو حراست میں لے لیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق ان اہلکاروں کو بعد ازاں چھوڑ دیا گیا تاہم انڈیا نے اس کی تردید کی ہے،سرحد پر چینی افواج کی تعداد میں مسلسل اضافہ ، چین نے مزید 5 ہزار فوجی علاقے میں بھیج دیے ہیں،خبررساں ایجنسی کے مطابق چین فوج زمین دوز بنکر بھی بنا رہی ہے، وادی گالوان کے اطراف میں چینی فوج کے 8 سو خیمے دیکھے گئے ہیں۔

چین کے سخت جواب پر بھارت کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش، بھارتی فوجی بینرز اٹھائے التجائیں کرنے لگ گئے ،’’آپ اس وقت بھارتی حدود میں موجود ہیں، براہ کرم آپ معاہدے کی پیروی کرتے ہوئے برائے مہربانی واپس چلے جائیں‘‘۔

دوسری جانب چین نے کہا ہے کہ بھارت نے سکم اور لداخ میں لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی، بھارت نے متنازع علاقہ کا اسٹیٹس یکطرفہ طور پر تبدیل کرنے کی کوشش کی ہے۔

چین کا کہنا ہے بھارت وادی گالوان کے قریب دفاع سے متعلق غیر قانونی تعمیرات کر رہا ہے، چین کے جواب پر بھارت حواس باختہ ہوگیا ہے ، بھارت نے کہا ہے کہ وہ لائن آف ایکچول کنٹرول کا اسٹیٹس تبدیل کرنے کی اجازت نہیں دے گا ،پیانگونگ توسو کے متنازع علاقے میں بھی چینی فوج کی طرف سے بنکرز تعمیر کرنے کی اطلاع ہے تاکہ وہ اس علاقے میں بھارتی فوجیوں کو گشت کرنے سے روکے۔

چینی فوج نے بھارتی فوج پر دباؤ بڑھانے کے لئے پینگونگ تسو ندی دریا پر گشت کرنے کے لئے اضافی کشتیاں بھی لائیں جبکہ بھارتی فوج بھی دریا پر گشت کرنے کے لئے کشتیاں استعمال کررہی ہے۔

دریں اثناء بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول ، چیف آف ڈیفنس اسٹاف بپن روات اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان سے ملاقات بھی کی ہے ۔

 بھارتی آرمی چیف General MM Naravane فیلڈ کمانڈروں کے ساتھ صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے جمعہ کے روز لیہ گئے۔ تاہم انہوں نے آگے کے علاقوں کا دورہ نہیں کیا۔

تازہ ترین