• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس اور کشیدگی میں اضافہ، بھارت سے چینی شہریوں کا انخلا

کراچی (نیوز ڈیسک) چین نے کورونا وائرس کے باعث بھارت میں پھنسے اپنے شہریوں کو خصوصی پروازوں کے ذریعے وطن واپس لانے کا فیصلہ کیا ہے۔یہ فیصلہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب بھارت میں کورونا وائرس کیسز میں تیزی سے اضافے کے علاوہ چین کے ساتھ سرحدی تنازعات پر کشیدگی میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے۔بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق چین نے بھارتی دارالحکومت نئی دہلی، کولکتہ اور ممبئی سے شنگھائی، گوانگژو، جینان، ژینگژو کے لیے خصوصی پروازوں کا انتظام کیا ہے جن کا آغاز دو جون سے ہو گا۔پیر کو بھارت میں چین کے سفارت خانے کی ویب سائٹ پر خصوصی پروازیں چلانے کا اعلان کیا گیا۔ چینی شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ مذکورہ فلائٹس میں اپنی ٹکٹس بک کرا سکتے ہیں۔بھارت کے خبر رساں ادارے ʼٹائمز آف انڈیا کے مطابق بھارت کے وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ وہ چینی شہریوں کی واپسی کے عمل میں چینی حکام سے تعاون کرے گی۔بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے تک بھارت سے 60 ہزار کے لگ بھگ غیر ملکی شہریوں کا انخلا ہو چکا ہے۔بھارت سے جن چینی شہریوں کا انخلا کیا جا رہا ہے ان میں تاجر، طلبہ اور سیاح شامل ہیں جو فلائٹ آپریشن بند ہونے سے بھارت میں پھنس کر رہ گئے تھے۔چینی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ وطن واپس آنے کے خواہش مند افراد کو سفری اخراجات خود برداشت کرنا ہوں گے جب کہ کورونا کی علامات رکھنے والوں کو سفر کی اجازت نہیں ہو گی۔
تازہ ترین