• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت ہمیشہ حادثات اور سانحات کے بعد جاگتی ہے،مصطفیٰ کمال

کراچی( اسٹاف رپورٹر)پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہاہے کہ پاکستان کی حکومت ہمیشہ حادثات اور سانحات کے بعد جاگتی ہے، یہ آج کا نہیں بلکہ ستر سال کا المیہ ہے، قوموں کی ترقی اور تنزلی میں ان کی تاریخ کی بہت اہمیت ہوتی ہے اور جو قومیں اپنی غلطیوں سے نہیں سیکھتیں وہ کبھی ترقی نہیں کرسکتیں اور نہ ہی ان قوموں میں انسانی جان کی اہمیت باقی رہتی ہے۔ آج ہر جانب موت کا رقص جاری ہے، کروڑوں لوگ بے روزگار ہوگئے، جہاز گھروں پر گر گیا لیکن حکومت کو کوئی فکر نہیں ہے، انسان جب موت کو بھول جاتا ہے تو اللہ تعالیٰ پے در پے ایسے سانحات رونما کرتا ہے تاکہ انسان اپنی موت کو یاد رکھے۔ خدانخواستہ اگر کورونا وائرس دوسرے ممالک کی طرح یہاں پھیل گیا تو ہر گلی اور یونین کونسل میں اسپتالوں کی ضرورت پڑ جائے گی۔ ہر طرف تباہی ہے اس تباہی کو روکنے کے لئے ہمیں اور محنت کرنے کی ضرورت ہے۔ پی ایس پی اللہ کی مخلوق کی خدمت کرنے کی جد وجہد کر رہی ہے یہ جہادِ اکبر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نےپاک سر زمین پارٹی کے تحت کراچی میں مسافر طیارے کے المناک حادثے اور ملک بھر میں کورونا وائرس کے سبب شہید ہونے والے افراد کے ایصال ثواب کیلئے پاکستان ہاؤس میں منعقدہ دعائیہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ دنیا کو فنا ہونا ہے اس کو ایک امتحان سمجھیں اور اپنی آخرت کی تیاری کریں آگر آپ نے اللہ کو راضی کرلیا تو دنیا اور آخرت میں کامیابی ملے گی۔ اجتماع کے اختتام پر طیارے حادثے اور کورونا وائرس کے باعث شہید ہونے والے افراد کے لئے بلند درجات اور کورونا وائرس وبا کے خاتمے اور سوگوار اہل خانے کے لئے صبر کی دعا کی گئی۔ اس موقع پر پی ایس پی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی، نیشنل کونسل و دیگر شعبوں سمیت تمام ڈسٹرکٹ کمیٹیز و ریذیڈنس کمیٹیز اور تمام ٹائون انچارجز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تازہ ترین