• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب، عید پر سیر کیلئے دریا کا رخ، 3 بہنوں سمیت 12 افراد ڈوب گئے

ملتان،رحیم یار خان،(نمائندگان جنگ) عید پر سیر و تفریح کیلئےدریا کا رخ کرنے والے تین بہنوں سمیت 12افراد ڈوب گئے،9لاشیں نکال لی گئیں، مظفر گڑھ میں 7افراد دریائے چناب اور سندھ میں ڈوب گئے، دو کو بچالیا ،4 لاشیں مل گئیں، ایک کی تلاش جاری ہے ۔ تفصیل کے مطابق ضلع مظفرگڑھ میں عید کے دوسرے روز تین مختلف واقعات میں 3 بہنوں سمیت 7 افراد ڈوب گئے،2 افراد کو بچالیا گیا۔ تھانہ روہیلانوالی کے علاقے ابراہیم والی پتن کے قریب3 بہنیں اپنے کزن کے ہمراہ سیروتفریح کے لیے دریائے چناب پر گئیں۔اس دوران سیلفی بناتے ہوئے 3 بہنوں اور انکا کزن دریائے چناب میں ڈوب گئے۔مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت اسی وقت ایک لڑکی سمیت دو افراد کا دریا سے نکال لیا، جبکہ ریسکیو 1122 نے 22 گھنٹے ریسکیو آپریشن کے بعد 2 بہنوں کرن بی بی اور ہیر کی لاشیں نکال لیں۔دوسرے واقعہ میں کبیروالا کے رہائشی 17 سالہ مطیع الرحمان نے ہیڈ محمد والا کے مقام پر دریائے چناب میں نہانے کے لیے چھلانگ لگائی اور ڈوب گیا۔لڑکے کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔تیسرے واقعہ میں تحصیل کوٹ ادو کے علاقے ٹھٹھہ گرمانی کے قریب گھاس چنتے ہوئے پاؤں پھسلنے سے دو خواتین دریائے سندھ میں ڈوب گئیں۔ 16 سالہ ثمرین کی لاش نکال لی گئی ہے جبکہ 20 سالہ نسرین کی لاش غازی گھاٹ دریائے سندھ سے مل گئی۔ تلاش جاری ہے۔ادھر عید کے پہلے روز ریسکیو ٹیم کو اطلاع ملی کہ یارو کھوسہ کا رہائشی محمد طارق دریائے سندھ میں نہاتے ہوئے ڈوب گیا۔ جس پر ریسکیو اہکاروں نے نوجوان کی لاش کو ڈھونڈ کر ورثا کے حوالے کردیا۔اسی طرح دوسرے واقعہ میں پیرعادل کے نزدیک نہر پر نہاتے ہوئے کوٹ مبارک کا رہائشی تیرہ سالہ بچہ توقیر ڈوب گیا۔ جس کی لاش نکال کر ورثا کے حوالے کردی گئی۔دوسری جانبگاگرہ سولنگ نصیر والا کے پاس دریا میں نہاتے ہوئے دو نوجوان ڈوب گئے، مقامی لوگوں نے وسیم کی لاش نکال لی جبکہ ریحان کی لاش ریسکیو اہلکار نے نکال کر ورثا کے حوالے کردی۔مزید برآں گزشتہ روز احمد واہ نہر موضع بیگ مہر کے نزدیک نہر میں تیرتی ہوئی نعش کودیکھ کر مقامی افراد نے پولیس کو اطلاع دی۔ لاش کی شناخت چوک سویترا کے رہائشی عابد حسین کے نام سے ہوئی۔ بچہ عید منانے کیلئے کراچی سے آیا تھا۔پولیس ذرائع کے مطابق بچے کی ہلاکت نہانے کے باعث ہوسکتی ہے ۔

تازہ ترین