• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دو پولیس ملازمین سمیت 6افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران جڑواں شہروں میں مختلف واقعات کے دوران دو پولیس ملازمین سمیت 6افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ تھانہ ترنول کے علاقہ26 نمبر چونگی ناکہ پر تعینات اے ایس آئی اور ہیڈکانسٹیبل کو نامعلوم ملزموں نے فائرنگ کر کے شہید کر دیا۔ ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق منگل کی رات اے ایس آئی محسن ظفر اور ہیڈ کانسٹیبل سجاد ڈیوٹی پر موجود تھے کہ نامعلوم ملزموں نے ان پرفائرنگ کردی۔ آئی جی محمد عامر ذوالفقار خان نے ڈی آئی جی آپریشنز وقار الدین سید کی سربراہی میں دو سپیشل انوسٹی گیشن ٹیمیں تشکیل دے دیں جو ایس پی انوسٹی گیشن سید مصطفیٰ تنویر اور ایس پی صدر کی سربراہی میں تفتیش کریں گی۔ آئی جی اسلام آباد نے وقوعہ میں ملوث ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم دیدیا۔ ادہر تھانہ چونترہ کو راجہ گلفام اختر سکنہ مجاہد نے بتایا کہ عیدکی شام محمد انوار، ندیم یوسف اور راجہ وقار علی اپنے نواسے احسن کے ہمراہ موجود تھے کہ شمیم حیدر مسلح بندوق، ندیم حیدر، سنیل حیدر مسلح پسٹل اور غلام حیدر ولد نور خان گھر میں گھس آئے اور فائرنگ کر دی جس سے محمد انوار شدید زخمی ہو کر ڈی ایچ کیو میں جاں بحق ہو گیا۔ وجہ عناد پچھلے سال عید کی چاند رات کو احسن اور ندیم حیدر کے درمیان ہونیوالی گالم گلوچ اور لڑائی جھگڑا ہے۔ ادہر رشتے سے انکار پر نوجوان نے عید کے روز فائرنگ کر کے لڑکی کو قتل کر دیا۔ تھانہ کورال پولیس کو محمد عرفان نے بتایا کہ بیٹی کا رشتہ دینے سے انکار پر ملزم غفران حسین نے پسٹل سے فائرنگ کر کے اسکی بیٹی حفظہ عروج کو قتل کر دیا۔ تھانہ گوجر خان کے گائوں موہری برسال میں زمین کے تنازع پر جھگڑ ے کے دوران فائرنگ سے باپ بیٹا قتل اور 4افراد زخمی ہو گئے۔ محمد اشفاق نے پولیس کو بتایا کہ عید کے اگلے روز علی اعظم، محمد اعظم، زعفران، عمران وغیرہ مسلح ہو کر متنازع جگہ پر دیوار تعمیر کر رہے تھے جن کو منع کرنے کیلئے میں، حاجی اقبال اسکے بیٹے حامد، محمد بوٹا، توقیر اور اپنی بیٹی نادیہ اشفاق کے ہمراہ گیا جس پر مشتعل ہو کر علی اعظم، محمد اعظم وغیرہ نے ہم پر حملہ کر دیا۔ ہاتھا پائی کے دوران ملزم محمد اعظم بھی معمولی زخمی ہو گیا۔ اہل دیہہ اور رشتہ دار ہمیں لیکر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال گوجر خان آ گئے جہاں حاجی اقبال اور حامد اقبال جاں بحق ہوگئے۔
تازہ ترین