• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد‘ 3دن کے دوران ون ویلنگ تیزرفتاری‘ بغیر ہیلمٹ 804چالان

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) اسلام آباد ٹریفک پولیس نے ون ویلنگ، تیز رفتاری اور بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کیخلاف کریک ڈائون کرتے ہوئے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 804 چالان جاری کئے اور ون ویلنگ کرنے والے85 موٹر سائیکل مختلف تھانوں میں بند کر دیئے۔ ایس ایس پی ٹریفک فرخ رشید کی زیر نگرانی ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کیلئے اور ون ویلنگ کرنے والوں کیخلاف موثر کارروائی کیلئے سپیشل اسکواڈ تشکیل دیا گیا۔ اسلام آباد کی تمام شاہرائوں کے چوک چوراہوں پر ٹریفک پولیس کی طرف سے 34سے زائد چوکیاں قائم کی گئیں جو روزانہ کی بنیاد پر سرگرم عمل رہیں گی۔ ٹریفک پولیس نے 3دنوں کے دوران ون ویلنگ، تیز رفتاری، بغیر ہلیمٹ موٹر سائیکل سواروں کیخلاف بڑ ے پیما نے پر کریک ڈائون کرتے ہوئے804 چالان جاری کئے۔ 89گاڑیاں جن میں ون ویلنگ کرنے والے 85موٹر سائیکل مختلف تھانوں میں بند کئے، اس کے علاوہ رواں ماہ کے دوران ٹریفک پولیس نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر موثر کارروائیاں کرتے ہوئے 35ہزار330 چالان جاری کئے۔ ایک ہزار، 522گاڑیاں اور ایک ہزار235 موٹر سائیکل مختلف تھانوں میں بند کئے گئے۔ ایس ایس پی ٹریفک فرخ رشید نے شہریوں سے درخواست ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی سختی سے پابندی کریں‘ کسی بھی قسم کی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کو کسی صورت نظرانداز نہیں کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور قوانین پر عملدرآمد پولیس کی ذمہ داری ہے۔
تازہ ترین