• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عزم و ہمت کے ساتھ جلد کورونا پر قابو پا لینگے‘ راشد حفیظ

راولپنڈی ( اپنے رپورٹر سے، خصوصی نمائندہ) کورونا پازیٹو صوبائی وزیر خواندگی و غیررسمی بنیادی تعلیم و کورونا کنٹرول و مانیٹرنگ کے انچارج راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ اُنکے حوصلے بلند ہیں اور وہ وزیراعلیٰ پنجاب کی سونپی گئی ذمہ داریاں نبھانے کیلئے آئسولیشن کے باوجود متعلقہ حکام سے رابطے میں ہیں۔ گھر پر تنہائی اختیار کئے ہوئےانہوں نے کہا کہ ہم نے کورونا وباء کو اپنے اوپر حاوی نہیں ہونے دینا اور اپنے عزم و حوصلے کے ساتھ بہت جلد اس پر قابو پا لیں گے تاہم حکومت نے جو حفاظتی تدابیر بتا رکھی ہیں وہی کورونا سے بچائو کا واحد طریقہ ہے جنہیں کسی صورت ترک نہیں کیا جانا چاہئے۔ راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ حکومت نے عوامی مفاد کے پیش نظر لاک ڈائون میں نرمی دے کر عام لوگوں پر حفاظت خود اختیاری کی جو ذمہ داری ڈالی تھی اسے پورا نہیں کیا گیا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ انکی صحت اور کورونا سے بچائو کا معاملہ انکے اپنے ہاتھ میں ہے۔ جس طرح عید سے چند روز قبل بازاروں میں رش اور حفاظتی تدابیر سے لاپرواہی دیکھنے کو ملی اس کے نتیجے میں خدانخواستہ کورونا کے مریضوں میںمزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک ذمہ دار قوم ہیں اور اس طرح کی لاپرواہی نہیں برتی جانی چاہئے تھی‘ تاہم اب معاشرے کے تمام افراد اور ہر گھر کے ایک ایک فرد کو پوری ذمہ داری کے ساتھ حفاظتی تدابیر پر سختی کے ساتھ عمل کرنا چاہئے۔ راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ کورونا سے بچائو میں سماجی دوری انتہائی اہم ہے اسلئے غیر ضروری طور پر لوگوں کو گھروں سے باہر نہیںجانا چائیے اور اگر کسی ضرورت کے تحت گھروں سے باہر جانا پڑے تو ماسک کا استعمال لازمی کیا جائے جبکہ ہاتھوں کو بار بار دھونا اور سینٹی ٹائزکرنا کورونا کو پھیلنے سے روکنے کی از حد ضروری تدابیر ہیں۔ انہو ںنے کہا کہ حکومت اپنی ذمہ داریوں سے پوری طرح آگاہ ہے اور تمام ہسپتالوں میں متعلقہ عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ کورونا پازیٹو لوگوں کی دیکھ بھال اور علاج معالجے کیلئے نہ صرف پوری سہولیات موجود ہیں بلکہ ان میں ایک تسلسل کے ساتھ مزید بہتری لائی جا رہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کورونا کیسز میں اضافے کی ایک وجہ ٹیسٹنگ سہولیات میں اضافہ بھی ہے۔
تازہ ترین