• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عید پر جرائم پیشہ عناصر سے نمٹنے کیلئے پٹرولنگ میں اضافہ

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) راولپنڈی اسلام آباد پولیس نے عیدالفطر کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے۔ اسلام آباد میں ڈی آئی جی آپریشنز وقار الدین سید اور راولپنڈی میں سی پی او محمد احسن یونس خود سکیورٹی صورتحال کو مانیٹر اور سپروائز کرتے رہے۔ اس حوالے سے ڈی آئی جی آپریشنز نے بتایا کہ جمعۃ الوداع، چاند رات اور عیدالفطر کیلئے ایک جامع سکیورٹی پلان تشکیل دیا گیا تھا جس کے تحت جرائم پیشہ عناصر سے نمٹنے کیلئے پٹرولنگ کو بڑھایا گیا۔ ضلع بھر میں منشیات فروشوں، قبضہ مافیا اور دیگر سنگین نوعیت کے جرائم پیشہ عناصر کیخلاف بھرپور کارروائیاں کی گئیں۔ اسی طرح سٹریٹ کرائم کی روک تھام کیلئے سپیشل سکواڈ قائم کر کے ہر سیکٹر میں گشت پر مامور کئے گئے۔ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کا نظام موثر بنایا گیا، سیف سٹی کے کیمروں کے ذریعے بھی سکیورٹی کو مانیٹر کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے اور اس سلسلہ میں کئے گئے سکیورٹی انتظامات اور پولیس افسران و جوان جنہوں نے شہریوں کے تحفظ کیلئے دن رات محنت کی قابل تعریف ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کی وباء کے خاتمہ کیلئے حکومتی ایس او پی پر عملدرآمد کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کریں۔ اسلام آباد پولیس اس آزمائش کی گھڑی میں اپنے شہریوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ عوام کسی بھی جگہ کسی قسم کا مجمع نہ لگنے دیں، شہری غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں، ڈیوٹی پر تعینات عملہ کے ساتھ تعاون کریں اور اپنی شناختی دستاویزات اپنے ہمراہ رکھیں۔ سٹی پولیس آفیسر کے مطابق راولپنڈی پولیس نے عیدالفطر اور مری میں لاک ڈائون کے حوالے سے فول پروف سکیورٹی پلان ترتیب دیا۔ اس ضمن میں 4ہزار افسران و ملازمین نے سکیورٹی ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیئے۔ ضلع بھر میں عیدالفطر کے موقع پر مساجد اور کھلے مقامات پر نماز کی ادائیگی کیلئے راولپنڈی پولیس کے 3ہزار دو سو افسران و ملازمین نے سکیورٹی ڈیوٹی سرانجام دی۔ نماز کی ادائیگی کے دوران کورونا سے بچائو کیلئے جاری کردہ ایس او پیز اور سوشل ڈسٹنسنگ پر عمل درآمد کو یقینی بنایا گیا۔ چاند رات اور عید کے دنوں میں ون ویلنگ کے انسداد کیلئے راولپنڈی پولیس کے 5سو افسران و ملازمین تعینات کئے۔ ادہر عیدالفطر کے موقع پر کورونا وائرس سے بچائو کے پیش نظر مری میں سیاحوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی تھی جس پر عمل درآمد اور سکیورٹی کیلئے 270افسران و ملازمین کو تعینات کیا گیا۔ عیدالفطر پر پولیس فورس کے علاوہ ایلیٹ فورس، گھڑ سوار پولیس، ڈولفن فورس، محافظ سکارڈ اور لیڈیز پولیس نے بھی ڈیوٹی سرانجام دی، پٹرولنگ کو مزید موثر بنایا گیا ہے۔ اسکے علاوہ پیدل گشت بھی جاری رہا۔ تھانوں کی موبائلز اور موٹر سائیکل سوار پولیس چاند رات اور عیدالفطر کے موقع پر اپنے اپنے علاقوں میں گشت کی ڈیوٹی سرانجام دی اور مؤثر حفاظتی انتظامات کی بدولت ضلع بھر میں کسی قسم کا کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔
تازہ ترین