• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عید، ڈبلیو ایس ایس پی نے 1538ٹن کوڑا کرکٹ تلف کیا

پشاور ( وقائع نگار) واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) نے عید الفطر آپریشن کے دوران شہر بھرسے 1538 ٹن سے زائد کوڑا کرکٹ اور گندگی اٹھا کر تلف کیا، پہلے روز نماز عید کے لئے نمازیوں کی رہنمائی اور صفائی کے لئے چونا بھی ڈالا جبکہ کورونا سے متاثرہ مریضوں کے گھروں اور قرنطینہ مراکز میں بھی خدمات فراہم کیں، شکایات سیل بھی فعال رہا اور عید کے دنوں میں آنے والی درجنوں شکایات کا فوری ازالہ کیا گیا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسرز سید ظفر علی شاہ اور دیگر حکام نے تینوں دن مختلف علاقوںکے دورے کئے صفائی صورتحال کا جائزہ لیا اور عملے کی حوصلہ افزائی کی۔ عید کے پہلے روز 421 ، دوسرے روز 477 اور تیسرے روز 640 ٹن سے زائد کوڑا کرکٹ اٹھایا گیا ، گنجان آباد علاقوں میں سپرے بھی کیا گیا۔ ڈبلیو ایس ایس پی نے عملہ عید کے تینوں دنوں قرنطینہ مراکز کے علاوہ کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے گھروں سے بھی کوڑا کرکٹ اٹھایا، جراثیم کش سپرے کیا۔ صفائی وفراہمی آب کی خدمات کے ساتھ ساتھ کورونا وائرس سے لوگوں کے بچائو کے لئے آگاہی مہم بھی جاری رہی ڈبلیو ایس ایس پی ٹیموں نے بازاروں اور شہری علاقوں میں لوگوں کو سماجی فاصلے رکھنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی جانب راغب کیا، احتیاطی تدابیر پر مبنی بروشرز اور پمفلٹس بھی تقسیم کئے گئے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر سید ظفر علی شاہ نے شہر کو صاف رکھنے پر عملے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید کے دنوں میں بروقت شہری خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گئے کورونا وائرس کے خلاف بھی کوششیں جاری رہیں ، عملے نے دن رات ایک کر کے شہر کی صفائی کو یقینی بنایا۔
تازہ ترین