• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پتوکی ٹرین حادثے کی ذمے داری پھاٹک گارڈ پر عائد


پنجاب کے ضلع قصور کے علاقے پتوکی میں گزشتہ روز پیش آنے والے ٹرین حادثے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کر لی گئی۔

ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق حادثے کی ذمے داری پھاٹک گارڈ پر عائد ہوتی ہے، لاہور سے آنے والی خیبر میل کی آمد پر پھاٹک کھلا تھا۔

پاکستان ریلوے کے ذرائع کے مطابق پھاٹک گارڈ سمیت 3 ریلوے ملازمین کو اس حادثے پر گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پھاٹک کھلا رہنے کی وجہ سے کار ٹرین سے ٹکرائی تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پتوکی میں کار کو ٹرین نے ٹکر مار دی تھی جس کے نتیجے میں میاں بیوی سمیت ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

لاہور سے کراچی جانے والی خیبر میل ایکسپریس جب پتوکی اسٹیشن سے روانہ ہوئی تو اسٹیشن سے ملحقہ پھاٹک کا گیٹ کھلا ہونے کے باعث ایک کار ٹرین کی زد میں آگئی تھی۔

حادثے کے نتیجے میں کار میں سوار 2 مرد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ 2 خواتین شدید زخمی ہوگئی تھیں۔

اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچے جنہوں نے لاشوں اور زخمی خواتین کو ٹی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا، جہاں دونوں زخمی خواتین بھی دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی تھیں۔

یہ بھی پڑھیئے: پتوکی میں ٹرین حادثے کا مقدمہ درج کر لیا گیا

وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور وفاقی وزیرِ ریلوے شیخ رشید احمد نے حادثے پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے رپورٹ طلب کی تھی۔

وزیرِ اعلی عثمان بزدار نے انتظامیہ کو ہدایت کی تھی کہ ریلوے پھاٹک کھلا چھوڑنے کی مجرمانہ غفلت کے ذمے داروں کا تعین کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

وزیرِ ریلوے شیخ رشید نے بھی چیف ایگزیکٹو آفیسر ریلوے سے حادثے کی رپورٹ طلب کی تھی۔

تازہ ترین