• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طیارہ حادثہ: غیر ملکی ٹیم ملبے اور آلات کے نمونے لے گی


کراچی میں پیش آنے والے پی آئی اے کے طیارے کے حادثے کی تحقیقات کرنے والی ایئر بس کمپنی کی غیر ملکی ٹیم جائے حادثہ پہنچ گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آج ایئر بس ماہرین تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کریں گے، تباہ شدہ جہاز کے ملبے اور آلات کے نمونے بھی تحقیق کی غرض سے لیے جائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جائے حادثہ پر دوبارہ تحقیقاتی عمل کے دوران ڈرون کیمروں کی مدد بھی لی جائے گی، 11 رکنی ایئر بس ٹیم آج فرانزک طریقے سے تحقیقات کرے گی۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ غیر ملکی ٹحقیقاتی ٹیم کی جانب سے پاکستانی تحقیقاتی کمیٹی کے ساتھ کاک پٹ وائس ریکارڈ کی تلاش پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ پی آئی اے فلائٹ سیفٹی ٹیم بھی جائے حادثہ پر غیر ملکی ماہرین کی معاونت کر رہی ہے۔

ایئر بس کی تحقیقاتی ٹیم طیارہ حادثے کی تفتیش کرنے کے لیے گزشتہ روز فرانس سے کراچی پہنچی ہے۔

واضح رہے کہ جمعہ 22 مئی کو لاہور سے کراچی آنے والی قومی فضائی ادارے (پی آئی اے) کی پرواز کراچی میں لینڈنگ سے 30 سیکنڈ قبل حادثے کا شکار ہوگئی تھی۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے 8303 نے دوپہر 2 بج کر 40 منٹ پر جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر لینڈ کرنا تھا۔

یہ بھی پڑھیئے: طیارہ حادثہ، ایئربس کمپنی کے ماہرین نے کام شروع کردیا

طیارہ لینڈنگ اپروچ پر تھا کہ کراچی ایئر پورٹ کے جناح ٹرمینل سے محض چند کلومیٹر پہلے ملیر ماڈل کالونی کے قریب جناح گارڈن کی آبادی پر گر گیا۔

حادثے کے بعد جہاز میں آگ لگ گئی جس نے قریبی آبادی کو بھی لپیٹ میں لے لیا، جبکہ طیارے کے مختلف حصے ٹوٹ کر آبادی میں بکھر گئے جنہوں نے مکانات کو نقصان پہنچایا تھا۔

طیارے میں سوار 97 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں جبکہ 2 مسافر اس حادثے میں محفوظ رہے۔

پاک فوج، رینجرز، پولیس، سول ایوی ایشن، فائر بریگیڈ اور دیگر اداروں کی جانب سے امدادی کارروائیاں کی گئیں۔

تازہ ترین