• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

 حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کے  اوور سیز رہنما اور کارکنان مایوسی کا شکار ہو گئے اور وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے مداخلت اور توجہ کا مطالبہ کر دیا۔

پاکستان تحریک انصاف یورپ کے سینئر رہنما و سابق مرکزی ڈپٹی سیکرٹری انفارمیشن یاسر قدیر نے اپنی پریس ریلیز کے ذریعے پارٹی قیادت و پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے اوورسیز پارٹی کارکنان کو مسلسل نظرانداز کرنے پر پارٹی چیئرمین و وزیر اعظم عمران خان سے فوری توجہ کی اپیل کر دی۔

انہوں نے کہا کہ اوورسیز پارٹی کارکن ہر مشکل وقت میں عمران خان اور پارٹی کے ساتھ کھڑے رہے اور جب بھی عمران خان نے انہیں آواز دی اوورسیز پارٹی ورکرز نے ان کی آواز پر لبیک کہا چاہے وہ الیکشن 2013 ہوں یا الیکشن 2018،

ہزاروں لاکھوں کی تعداد میں اوورسیز پارٹی کارکنان ان انتخابات میں پی ٹی آئی کے امیدواروں کو سپورٹ کرنے پاکستان گئے اور ہر قسم کی جانی و مالی سپورٹ کی۔

اس کے باوجود پی ٹی آئی حکومت کے دو سال ہونے کو ہیں نہ ہی پارٹی سطح پر اور نہ ہی حکومتی سطح پر کسی بھی پارٹی ورکر کو کوئی اہمیت دی گئی

انہوں نے مزید کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی انہیں درپیش مسائل کے حوالے سے پی ٹی آئی کارکنان اور پارٹی تنظیموں سے بہت سی توقعات وابستہ کیے ہوئے ہیں لیکن نہ ہی پی ٹی آئی کی لوکل تنظیموں اور نہ ہی پرانے نظریاتی کارکنان کو حکومت و پارٹی کی جانب سے کسی قسم کی لفٹ کروائی جا رہی ہے جس کی وجہ سے وہ لوگوں کے مسائل حل کروانے میں ناکام ہیں اور انتہائی مایوسی کا شکار ہیں۔

یاسر قدیر نے پارٹی قیادت اور عمران خان سے اپیل کی کہ اوورسیز پارٹی تنظیموں اور پرانے نظریاتی ورکرز کو حکومت اور مرکزی پارٹی میں ذمہ داریاں دی جائیں تا کہ وہ اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے اپنا کردار ادا کر سکیں۔

تازہ ترین