• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعید غنی طیارہ سانحہ پرسیاست کررہے ہیں ،شہباز گل

وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گل کا کہنا ہے کہ سعید غنی طیارہ سانحے پرسیاست کررہے ہیں۔

شہباز گل نے سعید غنی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سعید غنی پی آئی اے میں کرپٹ عناصر کو فائدہ دینا چاہتے ہیں، پیپلز پارٹی نےکرپٹ عناصر کو پی آئی اے میں بھرتی کرایا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہڑتالیں اورسیاست کرا کر پی آئی اے کو ڈبویا، سعید غنی چیئرمین پی آئی اے کو فیل کرنے کیلئے بیان بازی کررہے ہیں۔

‏شہباز گِل کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی آئی اے نے پہلی بار ان کرپٹ عناصر کو نکیل ڈالی، بہت برسوں بعد پہلی بار پی آئی اے منافع اور بہتری کی طرف گامزن ہے۔

اس سے قبل سعید غنی نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طیارہ حادثے کی تحقیقاتی کمیٹی کو ختم کرکے نئی ٹیم تشکیل دینے کا مطالبہ کیا تھا۔ اُن کا کہنا تھا کہ تحقیقاتی ٹیم میں پالپا اور پائلٹس کی عالمی تنظیم کو شامل کیا جائے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ کبھی کہا جاتا ہے پائلٹ کی غلطی ہے، کبھی کہا جاتا ہے پرندے ٹکرائے، ہمیں طیارہ حادثے کی تحقیقاتی ٹیم پر اعتراض ہے۔ تحقیقاتی ٹیم میں تمام لوگ سی ای او پی آئی اے کے ماتحت ہیں۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ پہلے کسی نے نہیں بتایا کہ طیارہ رن وے پر آیا تھا، جب مسافر زبیر نے بتایا تب سب کو پتا چلا طیارہ رن وے پر آیا تھا، حادثے کی ذمہ داری ان پر ڈالی جارہی ہے جو اب اس دنیا میں نہیں ہیں۔

تازہ ترین