• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کے خلاف احتجاج جاری

کراچی: میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کے خلاف احتجاج جاری


پاکستان کے سب سے بڑے میڈیا گروپ جنگ اور جیو کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کے خلاف کراچی میں احتجاج آج بھی جاری رہا۔

احتجاجی کیمپ میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) سندھ کے صدر شاہی سید نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ جنگ اور جیو نیوز کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کی غیرقانونی گرفتاری کو ڈھائی ماہ ہوگئے، 34 سال پرانے کیس میں اب تک نہ تو انکوائری مکمل ہوئی، نہ کوئی مقدمہ درج کیا گیا لیکن حکومت میڈیا کو دباؤ میں لانے اور صحافت کو اپنی مرضی کے مطابق چلانے کیلئے اشتہارات کی ادائیگیاں روکنے سمیت مختلف ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے جس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

احتجاجی کیمپ میں عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر شاہی سید، یونس بونیری، ریلوے ورکرز یونین کے چیئرمین منظور رضی، مسلم لیگی رہنما اسحاق خاکسار، سینئر صحافیوں اور دیگر رہنما شریک ہوئے۔

شاہی سید نے میر شکیل الرحمٰن کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے اُن کی گرفتاری کو غیرقانونی قرار دیا۔

منظور رضی نے اپنے خطاب میں کہا کہ میر شکیل الرحمٰن کو حق اور سچ کہنے کی پاداش میں گرفتار کیا گیا۔

مظاہرے سے جاوید پریس ایمپلائز یونین کے جنرل سیکریٹری رانا یوسف، جنگ ایمپلائز یونین کے رہنماء شکیل یامین کانگا، بیورو چیف فہیم صدیقی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

تازہ ترین