• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اس وقت سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں آنے والی نت نئی اور حیرت انگیز تبدیلیوں سے ہم آہنگ ہوتے ہوئے درست طور پر مستفید ہونے کیلئے دنیا بھر میں ڈیجیٹل معیشت کے تصور کو اپنایا جا رہا ہے۔ وطن عزیز میں بھی حکومتی سطح پر معیشت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔ وزیراعظم کی تشکیل کردہ معاشی ٹیم کی جانب سے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے ڈیجیٹل اکائونٹ اسکیم متعارف کرانے کی حالیہ تجویز ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کیلئے مختلف حکومتی اقدامات کا ہی تسلسل ہے۔ بتایا گیا ہے کہ مشیرِ امورِ خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت ہونے والے معاشی تھنک ٹینک کے اجلاس میں ڈیجیٹل اکائونٹ اسکیم کے ذریعے بیرونِ ملک پاکستانیوں کو ڈیجیٹل اکائونٹ کی پیشکش کی تجویز دی گئی ہے۔ اس ضمن میں ڈیجیٹل اکائونٹ کے اغراض و مقاصد اور انتظامی و ریگولیٹری چیلنجز کی بابت بھی مکمل بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں تھنک ٹینک کے تمام ارکان ڈاکٹر عشرت حسین، شوکت ترین، ڈاکٹر وقار مسعود، ڈاکٹر اعجاز نبی، سلطان علی الانہ، عارف حبیب، مشیر امورِ تجارت عبدالرزاق دائود اور سیکریٹری خزانہ نوید کامران بلوچ سمیت دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے جبکہ گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر نے بھی خصوصی دعوت پر شرکت کی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل اوور سیز پاکستانیوں کیلئے محفوظ سرمایہ کاری ممکن بنانے کیلئے ’پاکستان بنائو سرٹیفکیٹ‘ کے اجرا کا بھی اعلان کیا گیا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے وزارتِ خزانہ اور سینٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز کے ساتھ ملکر بیرونِ ملک پاکستانیوں کے لیے بچت کی اسکیم کا اجرا بھی آخری مراحل میں ہے۔ ان تمام اقدامات کا مقصد جہاں ملکی ترسیلات زر میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ بیرونِ ملک شہریوں کیلئے زیادہ سے زیادہ آسانیاں پیدا کرنا ہے وہیں کمزور معاشی ڈھانچے کی پائیدار و مضبوط بنیادوں پر تعمیر ممکن بنانا ہے، جو احسن فیصلے ہیں۔

تازہ ترین