• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سلمان خان کا مذہبی رواداری پر مبنی گانا بھائی بھائی ریلیز

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)بولی وڈ کے دبنگ خان نے عید الفطر کے موقع پراپنے مداحوں کیلئے نیا گانا ’’ بھائی بھائی ‘‘جاری کیا ہے۔لاک ڈاؤن کی صورتحال میں سلمان خان کی نئی فلم ’’ رادھے: یور موسٹ وانٹڈ بھائی‘‘ کی ریلیز تو تاخیر کا شکار ہے لیکن مداحوں کو قطعی مایوس نہ کرتے ہوئے سلمان خان گلوکاری کا شوق خوب پورا کررہے ہیں، اداکار نے اپنا تیسرا گانا ریلیز کیا ہے۔یہ گانا روایتی ڈگرسے ہٹ کر ہندومسلم مذہبی رواداری کو اجاگر کرتا ہے۔ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی بات کرتے ہوئے اس گانے کے بول ہیں ’’ یاروں کے ہم تو یار ہیں، سارے اپنے ہی تہوار ہیں ۔ ہندو مسلم بھائی بھائی ‘‘۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹرپرسلمان نے لکھا ’’ میں نے آپ سب کیلئے کچھ بنایا ہے، دیکھ کے بتانا کیسا لگا، آپ سب کو عید مبارک ‘‘۔گانے میں امن و آشتی اور محبت کا پیغام دینے کے ساتھ سلمان کا کہنا ہے کہ ایک دوسرے سے لڑائی کے بجائے بیروزگاری کیخلاف اور تعلیم کی جنگ لڑیں، خدا پر یقین رکھنے والے اس کی تعلیمات پر بھی عمل کریں۔گانے کا میوزک معروف موسیقار جوڑی ساجد اور واجد نے ترتیب دیا جبکہ گانے کی شوٹنگ لاک ڈاؤن کے دوران ہی سلمان خان کے فارم ہاؤس میں کی گئی جہاں وہ فیملی کے ساتھ قرنطینہ میں ہیں۔دی انڈین ایکسپریس کے مطابق سلمان خان کا کہنا ہے کہ عید پر فلم توریلیز نہیں کی جاسکی لیکن میں نے اپنے مداحوں کیلئے خصوصی گانا تیارکیا ہے جو بھائی چارے اور اتحاد و یگانگت پر مشتمل ہے۔گانے کی ریلیز کیلئے عید کے دن کو بہترین قرار دیتے ہوئے سلمان خان نے کہا کہ عید کا تہوار ایک دوسرے کے قریب لاتا ہے۔اس سے قبل سلمان خان لاک ڈاؤن کے دوران 2 گانے ’’پیارکرونا ‘‘ اور ’‘تیرے بنا‘‘ ریلیز کرچکے ہیں۔

تازہ ترین