• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی گلوکاروں کا کورونا کیلئے خصوصی گانا


پاکستان میوزک انڈسٹری کے نامور گلوکاروں نے کورونا وائرس کی مشکل گھڑی میں عوام کا حوصلہ بلند کرنے کے لیے خصوصی گانا جاری کردیا۔

عالمی وبا کورونا وائرس سے جہاں دُنیا بھر کے لوگ پریشان ہیں تو وہیں پاکستان میں دن بدن کورونا کیسز بڑھنے کی وجہ سے عوام خوفزدہ ہے ایسے میں پاکستانی عوام کا حوصلہ بلند کرنے کے لیے عالمی شہرت یافتہ پاکستان میوزک انڈسٹری کے معروف گلوکار میدان میں آگئے ہیں۔

پاکستانی گلوکاروں نے اِس آزمائشی دور میں عوام کو ہمت دینے کے لیے کورونا وائرس کے حوالے سے اپنا ایک خصوصی گانا جاری کیا ہے جس کی ویڈیو علی ظفر نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کی۔

ٹوئٹر پر شیئر کردہ ویڈیو میں علی ظفر، حدیقہ کیانی، عاصم اظہر، نبیل شوکت، ساحر علی باگا اور شفقت امانت علی اپنی خوبصورت آوازوں میں کورونا کا خصوصی گانا گا رہے ہیں۔

پاکستانی گلوکاروں نے یہ گانا کچھ اِس طرح گایا:

آزمائش میں سارا جہاں ہے
یہ مصیبت تو اِک امتحاں ہے
نکلو باہر، کرو پہلے وعدہ
احتیاط ہوگی پہلے سے زیادہ
ہاتھ دھونا ہے لازِم وبا میں
فاصلہ رکھنا ہے درمیاں میں
مل کے مشکل یہ پل گزاریں گے
پاکستانی نہ ہارے، نہ ہاریں گے
مل کے مشکل یہ پل گزاریں گے
پاکستانی نہ ہارے، نہ ہاریں گے

ٹوئٹر پر یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے علی ظفر کا کہنا تھا کہ ’ہمیں کورونا وائرس کو سنجیدگی سے لینا چاہیے۔‘

علی ظفر کا کہنا تھا کہ ’اگر ہمیں کورونا کو شکست دینی ہے تو درست اقدامات کرنے ہوں گے۔‘

46 سیکنڈز پر مشتمل پاکستانی گلوکاروں کے اِس خصوصی گانے کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خوب پسند کیا جارہا ہے۔ 

یاد رہے کہ پاکستانی گلوکاروں نےکورونا کے لیے یہ گانا حکومت پاکستان کے تعاون سے بنایا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 60 ہزار 154 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 1 ہزار 240 ہو گئی۔

تازہ ترین