• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور بریک ڈاؤن سے شہری پریشان ہیں، حافظ نعیم

کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر )جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کے الیکٹرک کی جانب سے شہر میں طویل غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور بریک ڈاؤن کے باعث شہر کے بیشتر علاقوں سے بجلی غائب ہونے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کے الیکٹرک کی نا اہلی اور ناقص کارکردگی ایک بار پھر کھل کر سامنے آگئی ہے،گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتے ہی واٹر بورڈ کے پمپنگ اسٹیشنوں بالخصوص دھابیجی پر بجلی کے بریک ڈاؤن بڑھنے لگے ہیں جس سے شہر کوپانی کی سپلائی متاثر ہورہی ہے۔انہوں نے کہاکہ بجلی کے بحران پر قابو پانے کے لیے کے الیکٹرک خود کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کرتی، فرنس آئل کے پلانٹ کو فعال اور پیداوار کے قابل نہیں بناتی، جب تک کے الیکٹرک کے خلاف سخت تادیبی کاروائی نہیں کی جائے گی اور اسے اپنی پیداوار بڑھانے اور ناقص ترسیلی نظام کو بہتر کر نے پر مجبور نہیں کیا جائے گا کراچی میں بجلی کا بحران ختم نہیں ہوگا۔انہوں نے کہاکہ عید کے موقع پرشہر کے مختلف مقامات پر کئی کئی گھنٹوں تک بجلی غائب رہی،عوام کو شدید ذہنی و جسمانی اذیت کا شکار کر دیا ہے،حکومت شہر میں بجلی کی بندش سے پیدا ہونے والی سنگین صورتحال کا نوٹس لے اور عوام کو لوڈ شیڈنگ کے عذاب سے نجات دلائے۔انہوں نے کہاکہ کے الیکٹرک اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے اور اپنی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے کے بجائے کبھی نیشنل گرڈ سے فراہمی میں کمی اور کبھی گیس کی کمی کا بہانہ بناتی ہے۔

تازہ ترین