• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹڈی دل کے حملے، پاکستان کی معیشت کو 600 ارب روپے نقصان کا خدشہ

اسلام آباد(صالح ظافر) سینیٹر شیری رحمان کا کہنا ہےکہ ٹڈی دل کے حملوں کی وجہ سے پاکستان کی معیشت کو 600ارب روپے نقصان کا خدشہ ہے۔ پاکستان کا 38فیصد حصہ ٹڈیوں کی پیدائش کیلئے موزوں ہے، جب کہ ان کے حملوں سے ڈیڑھ لاکھ ایکڑ اراضی متاثر ہوئی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق، سینیٹ میں پیپلزپارٹی کی پارلیمانی لیڈر شیری رحمان کا کہنا ہے کہ ملک بھر کے کاشت کار ٹڈی دل کے حملوں سے سخت مشکلات کا شکار ہیں، جو پاکستانی معیشت کو 600 ارب روپے کا نقصان پہنچاسکتے ہیں۔ 

اقتصادی لحاظ سے یہ انتہائی تباہ کن ہوسکتا ہے کیوں کہ پاکستان کی جی ڈی پی کا 20 فیصد زرعی شعبے سے وابستہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا 38 فیصد حصہ ٹڈیوں کی پیدائش کے لیے سازگار بن چکا ہے۔ 

جب کہ گزشتہ اپریل سے پاکستان میں 1 لاکھ 40 ہزار ایکڑ اراضی کو نقصان پہنچ چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان رپورٹس کے باوجود وفاقی حکومت نے اس مسئلے کے حل کے لیے کوئی موثر پالیسی نہیں بنائی ہے۔ سندھ کو اس سے سب سے زیادہ خطرہ ہے جہاں ممکنہ طور پر 451 ارب روپے کا خسارہ ہوسکتا ہے۔

 جوکہ سندھ کے مجموعی بجٹ کا تقریباً 70 فیصد بنتا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کی درخواست پر بھی وزیراعظم عمران خان نے کوئی اقدامات نہیں کیے۔ حکومت سندھ گزشتہ ایک سال سے وفاق کو اس مسئلہ سے متعلق آگاہ کررہی ہے مگر اب تک وفاق نے سندھ میں اسپرے مہم شروع نہیں کی ہے۔

تازہ ترین