• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

متحدہ عرب امارات: مزید 638 کورونا مریض، 2 کا انتقال

متحدہ عرب امارات میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 638 کیسز سامنے آگئے۔

متحدہ عرب امارات کی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 36 ہزار کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جس کے نتیجے میں 638 نئے مریضوں کی تشخیص ہوئی، نئے کیسز کے بعد تمام ریاستوں میں کورونا مریضوں کی تعداد 33ہزار 170 ہوگئی۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ وائرس کے شکار دو مریض انتقال کرگئے، جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 260 تک پہنچ گئی۔

وزارت صحت کا مزید کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 412 مریض صحتیاب ہوگئے۔ ابتک صحتیاب ہونے والے مریضوں کی مجموعی تعداد 17ہزار 97 تک پہنچ چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: سعودی عرب: کورونا کے مزید 1581 مریض سامنے آگئے

دوسری جانب کورونا وائرس دنیا بھر میں 3 لاکھ 62 ہزار سے زیادہ زندگیاں لے گیا، بھارت میں اب تک 4 ہزار 800 افراد جان سے جاچکے، اموات کی مجموعی تعداد چین سے بھی زیادہ ہوگئی۔

امریکا میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 13 سو اموات سامنے آئیں، برازیل میں مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 38 ہزار سے زیادہ ہوگئی۔

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے پیر سے پرائمری اسکول کھولنے کا اعلان کردیا۔

دبئی میں آج سے پارکس اور ساحل کھل گئے، بحرین میں پانچ جون سے مساجد میں باجماعت نماز کی اجازت دے دی گئی۔

جنوبی کوریا میں کیسز بڑھنے پر اسکول پھر بند کردیے گئے۔

دنیا بھر میں اب تک 59 لاکھ 30 ہزار سے زیادہ افراد متاثر جبکہ 25 لاکھ 95 ہزار سے زیادہ صحت یاب ہوچکے ہیں۔

تازہ ترین