• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہنی خان اور تنویر جمال ڈیڑھ ماہ سے جاپان میں پھنسے ہوئے ہیں

ٹوکیو(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کے معروف اداکار ہنی خان جو معروف اداکار، ڈائریکٹر اور پروڈیوسر تنویر جمال کی فلم ’جاپانیز کنکشن‘ کی شوٹنگ کے لیے جاپان پہنچے تھے گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے جاپان میں پھنسے ہوئے ہیں اور چاہنے کے باوجود پاکستان واپس نہیں جا پارہے ہیں۔جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے ہنی خان نے کہا کہ وہ اپنے حصے کی شوٹنگ مکمل کراچکے ہیں تاہم پاکستان جانے کے لیے فلائیٹس دستیاب نہ ہونے کے سبب اور پاکستان میں کورونا کے بڑھتے ہوئے واقعات کے باعث وہ تاحال جاپان میں ہی مقیم ہیں لیکن جیسے ہی حالات ٹھیک ہونگے وہ پاکستان روانہ ہوجائیں گے۔اس موقع پر تنویر جمال نے کہا کہ ہنی خان کا کردار ہماری فلم میں بہت طاقت ور کردار ہے اُمید ہے قارئین کو پسند آئے گا ، تنویر جمال نے کہا کہ ہنی خان ماضی میں چھ بہترین فلموں میں کام کرچکے ہیں جن میں میڈم شمیم آرا کے ساتھ ’دنیا ہے دل والوں کی‘ جس میں لیلی ان کی ہیروئن تھیں ، اس کے بعد ظہور گیلانی کی ہدایت میں بننے والی فلم’ مہندی‘ جس میں صاحبہ ان کے مد مقابل تھیں۔تنویر جمال نے بتایا کہ اس دفعہ ان کی فلم میں ہنی خان منفی کردار میں بطور ولن اداکاری کررہے ہیں اور بہترین اداکاری کےجوہر دکھائے ہیں اُمید ہے قارئین کو پسند آئیں گے۔تنویر جمال نے پاکستان میں کورونا کے خاتمے کے لیے کردار ادا کرنے والے میڈیکل اسٹاف اور ڈاکٹروں کو بھی زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ خدارا احتیاط کریں کورونا سے ڈریں اور اپنے اہل خانہ کو بھی کورونا سے بچائیں اور حکومت کا ساتھ دیں ۔

تازہ ترین