• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رشی کپور اور عرفان خان پر ٹوئٹس، کمال خان کیخلاف ایف آئی آر درج

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)آنجہانی بولی وڈ اداکار رشی کپور اور عرفان خان پر قابل اعتراض ٹوئٹ کرنے کے معاملے میں اداکار اور پروڈیوسر کمال راشد خان پر ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ اداکار کے خلاف مضافاتی علاقہ باندرا میں بدھ کو ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے۔ کمال آر خان کے خلاف یہ ایف آئی آر یوا سینا کی کور کمیٹی کے رکن راہل کنل نے درج کرائی ہے۔ تفصیلات کے مطابق 29اپریل کو رشی کپور کے اسپتال میں داخل ہونے کی خبر سامنے آنےکے بعد کمال آر خان نے ایک ایک کرکے آنجہانی اداکار کے خلاف ٹوئٹ کرنا شروع کردیا۔رشی کپور کے اسپتال میں داخل ہونے کی خبر پر کمال آر خان نے اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھاکہ رشی کپور کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ میں بس ان سے یہ کہنا چاہتا ہوں۔ سر ٹھیک ہوکر واپس آجانا۔ نکل مت لینا، کیونکہ شراب کی دوکان بس 3-2 دن میں کھلنے والی ہے۔ اداکار کمال آر خان کے اس ٹوئٹ کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے ان پر خوب تنقید بھی کی تھی۔اس سے پہلے کمال آر خان نے مرحوم اداکار عرفان خان کے خلاف قابل اعتراض زبان کا استعمال کرتے ہوئے کئی ٹوئٹ کئے تھے۔ اس سے پہلے عرفان خان کی والدہ سعیدہ بیگم کے انتقال کی خبر آنے پر بھی اداکار نے عرفان خان پر قابل اعتراض تبصرہ کیا تھا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ’عرفان خان کو بد دعا لگی ہے، تبھی وہ کینسر سے جدوجہد کر رہے ہیں اور ان کی ماں چل بسیں’۔ اپنے اس ٹوئٹ کے بعد کمال آر خان سوشل میڈیا صارفین کے نشانے پر آگئے، جس کے بعد کے آر کے نے اپنا ٹوئٹ ڈیلیٹ کردیا۔کمال آر خان کے قابل اعتراض ٹوئٹ کا سلسلہ یہیں نہیں تھما اور انہوں نے ایک ایک کرکے کئی قابل اعتراض ٹوئٹ کئے، جس کے سبب سوشل میڈیا صارفین نے ان کے اکاونٹ کو معطل کرنے کا مطالبہ بھی کیا تھا، لیکن، اپنے قابل اعتراض ٹوئٹس پر معافی مانگنے کے بجائے کمال راشد خان نے ٹرولرز کو نشانے پر لینا شروع کردیا۔
تازہ ترین